میسور ؍ کاسر گوڑ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کانگریس پر اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے کہاکہ رشوت اور لوٹ کھسوٹ اُس (کانگریس) کے ڈی این اے میں شامل ہے۔ اُنھوں نے کیرالا میں بائیں بازو کے زیرقیادت ایل ڈی ایف اور کانگریس کے زیرقیادت یو ڈی ایف کو بھی اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اِن دونوں کے درمیان دوستانہ مقابلہ ہورہا ہے۔ کرناٹک اور کیرالا میں متعدد انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے دیہی روزگار ضمانت اسکیم سے متعلق یو پی اے حکومت کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا
اور کہاکہ اِس سے صرف کانگریس کی جیبیں بھری ہیں۔ اُنھوں نے قانون حق معلومات کا بھی مذاق اُڑایا۔ مودی نے کانگریس کے زیراقتدار کرناٹک کے شہر میسور میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کے دوران کہاکہ ’’رشوت اور لوٹ کھسوٹ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کانگریس کا ڈی این اے ہے۔ نسل در نسل نسلیں تبدیل ہوں گی، قائدین تبدیل ہوں گے لیکن کانگریس کے ارادے کبھی تبدیل نہیں ہوں گے‘‘۔ بی جے پی اِس ریاست میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ 2009 ء کے لوک سبھا انتخابات میں اِس کو 28 کے منجملہ 19 پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
کانگریس پر تنقیدی حملوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ ملک کو لوٹنے اور تباہ و برباد کرنے پر عوام نے کانگریس کو سزا دینے کا تہیہ کرلیا ہے۔ کیرالا کے کاسر گوڑ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کانگریس کے زیرقیادت یو ڈی ایف اور سی پی آئی ایم کے زیرقیادت ایل ڈی ایف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ یہ دونوں محاذ ایک دوسرے کے خلاف دوستانہ مقابلہ کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کیرالا پر دو محاذوں کا غلبہ حاصل ہے اور بی جے پی انتخابی کامیابی کی توقع کررہی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ’’یو ڈی ایف 5 سال حکومت کرتی ہے، اُس کے بعد ایل ڈی ایف اپنی حکومت قائم کرتی ہے، دونوں محاذ ایک دوسرے کی غلطیوں اور بدعنوانیوں پر خاموش رہتے ہیں‘‘۔
نریندر مودی نے کانگریس کو ’تربوز‘ قرار دیا اور کہاکہ جب ایل ڈی ایف اپنے سرخ پرچم لہراتی ہے تو کانگریس تربوز کی طرح اوپر سے سبز اور اندر سے سرخ پرچم لہراتی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ کیرالا جو سیاحت کے لئے عالمی سطح پر ایک پسندیدہ مقام تھا اب دہشت گردی کی نرسری میں تبدیل ہوگیا ہے۔ وزیر دفاع اے کے انٹونی کے خلاف اپنے حملوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ اُن کے دور وزارت میں ملکی دفاع بُری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے لئے اُنھیں عوام کو جواب دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ قبل ازیں مودی نے اے کے انٹونی کو پاکستانی ایجنٹ قرار دیا تھا۔ مودی نے راہول کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ قانون حق معلومات سے عوام کو کچھ حاصل ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’’شہزادہ برائے مہربانی یہ بھی بتایئے کہ کوئلہ کس نے لوٹا‘‘۔
اجئے رائے وراناسی میں کانگریس کے امیدوار
نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے حلقہ لوک سبھا وراناسی سے مقابلہ کرنے والے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف کانگریس نے مقامی رکن اسمبلی کو اپنا امیدوار بنایا ۔ قبل ازیں ڈگ وجئے سنگھ نے اِس حلقہ سے مودی کے خلاف مقابلہ کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن کانگریس نے مقامی رکن اسمبلی اجئے رائے کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ رائے ایک ابتدائی سطح پر کرنے والے ورکر ہیں اور کانگریس کے موجودہ رکن اسمبلی ہیں۔