نارائن پیٹ /30 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ٹاون کے محلہ باہر پیٹ میں واقع وزوان عاشورخانہ کے میدان میں مقامی نوجوانوں کی جانب سے جشن میلادالنبیﷺ کے ضمن میں محفل نعت و جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا ۔ جس کی نگرانی حافظ و قاری محمد فخرالدین تاج خطیب و امام جامد مسجد نارائن پیٹ نے کی جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد فیاض احمد نظامی کامل جامعہ نظامیہ نے شرکت کرتے ہوئے سیرت النبی ﷺ پر تفصیلی خطاب کیا اور کہا کہ جشن میلادالنبی ﷺ کے موقع پر حضور ﷺ کی سیرت کو عام کرنا اور نی نسل کو سیرت النبی ﷺ سے واقف کروانا ازحد ضروری ہے۔ انہوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اسوہ حسنہ پر کار بند رہیں اور اپنی ذاتی زندگی میں سیرت النبی ﷺ کو اپنانے کی کوشش کریں۔ مولانا نے حضور پاک ﷺ کے اخلاق مشتمل واقعات سنائے اور کہا کہ ان اخلاق کو اپنی عملی زندگی میں شامل کریں ۔ قبل ازیں محفل نعت میں مدرسہ دارالعلوم دینیہ جامع مسجد کے طلباء کے علاوہ محمد نظیر حسین محمد منہاج الدین چاند ، عبدالغنی ، الحاج صدر الدین چاند ، محمد ذیشان و دیگر نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد الحاج محمد رفیق چاند صدر انتظامی کمیٹی مدرسہ دارالعلوم دینیہ الحاج غلام دستگیر چاند ، موذن جامع مسجد محمد تقی ، حاجی میاں چاند ، استاذ دارالعلوم دینیہ حافظ محمد تقی ، الحاج محمد نصیر الدین چاند ، محمد تاج الدین ( معاون رکن بلدیہ ) و دیگر شریک تھے ۔ جلسہ کی کارروائی الحاج محمد طاہر پاشاہ چاند نے چلائی ۔ رات دیر گئے جلسہ کا افتتاح سلام و فاتحہ خوانی پر ہوا ۔