سنگاریڈی /16 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سیرۃ النبی ﷺ کے جلسہ سے ہم نے اپنی زندگی کو سنتوں و حضورﷺ کے اسوہ سے آراستہ و پیراستہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ہمارے جلسے روایتی و رسمی انداز کے نہ ہوں بلکہ اس سے کچھ مقصد حاصل ہو ۔ ان خیالات کا اظہار ناصرہ خانم ناظم شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھراپردیش و اڑیسہ نے ٹی جی اوز بھون میں منعقد جلسہ سیرۃ البنی ﷺ برائے خواتین سے خطاب کر رہی تھیں کہا کہ ہم اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں کہ سیرت کے جلسہ سے ہم نے اپنی زندگی کو سنتوں و حضور کے اسوہ سے آراستہ ہونے ۔ دل کے دنیا میں جھانک کر دیکھیں اعمال کا جائزہ لیں ۔ اہل ایمان کا لازمی جز ہے کہ ہم اللہ کے رسول ﷺ سے عملی محبت کریں اور ثبوت دیں عملی شکل میں ۔ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی محبت ہم سے تقاضہ کرتی ہے کہ ہم ان اطاعت میں سرخم کرنے والی بنیں ۔ صحابیاتؓ نے اپنی زندگیوں سے عملی ثبوت پیش کیا ۔ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں حیاء کی چادر دی لیکن ہم نے کاروباری تعلیم اختیار کرتے ہوئے اس کو داغدار کردیا ۔
اتحاد و اتفاق کے بجائے ہمارے گھر اس کے برعکس نظر آتے ہیں ۔ سادہ زندگی کے بجائے آرام دہ زندگی چاہتے ہیں ۔ آپ ﷺ نے مثالی معاشرہ تعمیر کرکے دکھایا ہمارے لئے عملی نمونہ آپ ﷺ کی ذات گرامی ہی اولی ہو ۔ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کہ آپس میں صلہ رحمی کرو ، خاندانوں میں خوشگوار فضاء پیدا کرو ، مثالی خاندان آپ ﷺ کی تعلیمات پر پروان چڑھے حسن اخلاق ہی وہ کنجی ہے جو تقوہ میں عظیم تر کرتی ہے ۔ اللہ کی رضا کے ذریعہ جنت کا حصول ہوگا ۔ ’’ حضور اقدس ﷺ کی ذات قرآن کی روشنی میں ‘‘ عنوان پر سید ارجمند سلطانہ رضوی مہمان خصوصی نے کہا کہ تمام انبیاء میں آپ ﷺ کو یہ شرف حاصل رہا کہ قیامت تک آپ ﷺ کو سب پر فضیلت و برتری کے ساتھ تاقیامت آپ ﷺ کے اسوہ کو مثالی قرار دیا ۔ آپ ﷺ کو سارے عالم کیلئے رحمت بناکر بھیجا گیا ۔
’’ دعوت دین اور خواتین کی ذمہ داریاں ‘‘ پر عطیہ فاطمہ نے خطاب کیا۔ ’’ آپ ﷺ کا حسن اخلاق ‘‘ عنوان پر خدیجہ جلیل نے خیالات کا اظہار کیا ۔ ’’ آپ ﷺ کا مقصد بعثت ‘‘ عنوان پر عزیزی عالیہ فاطمہ نے مخاطب کیا ۔ افتتاحی کلمات ترنم نشاط مقامی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند سنگاریڈی نے پیش کئے ۔ نعت شریف عزیزی ذیشان ، عزیزی خطاب ثمرین اور عزیزی مومنہ مریم نے پیش کئے ۔ پروگرام کا آغاز نسیم ناز کی تلاوت معہ ترجمانی سے ہوا ۔ کنوینر کے فرائض عائشہ عتیق نے انجام دئے ۔