رسل کے مقام پر گرینڈ ہوم کے کے آر میں شامل

کولکتہ ۔4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) میں عالمی شہرت یافتہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل کی خدمات سے محروم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ہوم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی پر آندرے رسل پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے اور وہ پاکسان سوپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے بعد اب آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔آخری مرتبہ بگ باش میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرنے والے رسل کی کرکٹ میں واپسی آئندہ سال ہو گی اور وہ رواں سال کسی بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔گزشتہ سال پاکستان کے خلاف ٹسٹ کریر کا آغاز کرنے والے کولن ڈی گرینڈ ہوم نے حالیہ عرصے میں  تمام طرز کی کرکٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا اور اس وقت کیویز کے اسکواڈ کے مستقل رکن سمجھے جاتے ہیں۔آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن میں کولکتہ کی مہم کا آغاز راجکوٹ لائنز کے خلاف میچ سے ہو گا۔آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن کیلئے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔گوتم گمبھیر(کپتان)، سنیل نارائن، کولن ڈی گرینڈہوم، کلدیپ یادو، منیش پانڈے، سوریا کمار یادو، پیوش چاؤلہ، روبن اتھاپا، شکیب الحسن، کرس لن، امیش یادو، یوسف پٹھان، شیلڈن جیکسن، انکت راجپوت، ٹرینٹ بولٹ، کرس ووکس، ناتھن کولٹر نائل، رشی دھاون، ڈیرن براوو روومین پاول، ساون گھوش، سنجے یادو اور ایشانک جاگی۔