رسل کے خلاف آج دھونی کی حکمت عملی توجہ کا مرکز

چینائی۔8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل میں رواں سیزن کی دو سرفہرست ٹیموں چینائی سوپر کنگ اور کولکاتا نائٹ رائڈرس کل یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کو برابری کی ٹکر دینے اتریں گی۔دونوں ہی ٹیموں کی اب تک ٹورنمنٹ میں کارکردگی تسلی بخش رہی ہے ، تین بار کی چمپئن چینائی نے پانچ میچوں میں چار جیتے ہیں اور ایک میچ ہارا ہے جس کے بعد وہ8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ کولکتہ پانچ میچوں میں چار جیت اور ایک شکست کے بعد آٹھ پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی بدولت پہلے مقام پر ہے ۔ مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم اپنے گھریلو میدان اورحالات کا فائدہ اٹھا کر سب سے اوپر پہنچنے کی کوشش کرے گی جبکہ کے کے آر کی کوشش کامیاب تال برقرار رکھتے ہوئے ٹیبل میں سب سے اوپر رہنے کی ہوگی۔ چینائی نے اپنا پچھلا مقابلہ گھریلو میدان پر کنگز الیون پنجاب سے 22 رنز سے جیتا تھا جبکہ کے کے آر نے گزشتہ میچ میں راجستھان رائلس کو اسی کے میدان پر آٹھ وکٹوں سے شکست دی۔ وکٹ کیپر دنیش کارتک اور دھونی کی ٹیموں کے درمیان برابری کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ٹیموں کافی متوازن ہیں ۔ مخالف ٹیم کے میدان پر جیت درج کرنے کے بعد بلند اعتماد کے ساتھ کے کے آر کی ٹیم چینائی کے میدان پر اترے گی۔بولروں نے راجستھان کو صرف139 اسکور پر روکا تھا۔ پیوش چاولہ اور سنیل نارائن کی بولنگ کافی کفایتی رہی جبکہ ہینری گرني نے25 رنز دے کر دو وکٹ لئے ۔کولکتہ کے پاس چائنامین بولرکلدیپ یادو کے طور پر بھی بہترین اسپنر ہے جبکہ پرسدھ کرشنا بھی مفید بولر ہیں لیکن کے کے آر کے سب سرکردہ کھلاڑی آندرے رسل ہیں ۔ آل راؤنڈر ٹیم کے سب سے زیادہ کامیاب کھلاڑیوں میں ہیں جو کفایتی رن ریٹ کے ساتھ پانچ وکٹ لے کر اب تک سب سے زیادہ کامیاب بولر ہیں وہیںبیٹنگ میں بھی رسل پانچ میچوں میں207 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر ہیں۔کے کے آر کے پاس مفید بیٹنگ میں رابن اتھپا دوسرے ٹاپ اسکورر ہیں جنہوں نے اب تک 172 رن بنائے ہیں جبکہ نتیش رانا (169) تیسرے سب سے زیادہ کامیاب ہیں۔ اوپنر کرس لن بھی کمال کے کھلاڑی ہیں جنہوں نے جے پور میں50 رنز اسکور کئے۔ ٹیم کے پراسرار اسپنر سنیل نارائن بھی اوپنرکے طورپرمفید اسکورر ہیں جنہوں نے47 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔زبردست بیٹنگ اور بولنگکی بدولت کولکتہ نے اب تک میچوں میں آل راؤنڈکھیل کا مظاہرہ کیا ہے جس سے وہ سب سے اوپر ہے لیکن اس کا اگلہ مقابلہ گزشتہ چمپئن دھونی کی ٹیم سے ہے جسے اسی کے میدان پر شکست دینا آسان نہیں ہوگا۔ چینائی اپنے ایم اے چدمبرم میدان پر اب تک بنگلورکو سات وکٹ، راجستھان کو آٹھ رن اور پنجاب کو22 رنز سے ہراچکی ہے اور اپنے میدان پر کے کے آر کے خلاف بھی وہ ہار نہ کھانے کا سلسلہ برقرار رکھنا چاہے گی۔تین بار کی چمپئن چینائی کے جیت کی وجہ بھی اس کا ہر شعبہ میں مضبوط کارکردگی ہے ۔