رتی برابر بھی کم نہ تولنے اللہ تعالیٰ کا حکم

بیدر میں جماعت اسلامی کے اجتماع سے ظفر اللہ خاں کا خطاب
بیدر۔یکم مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رتی بھر ڈنڈی بھی کائنات کے عظیم الشان سسٹم میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ تقاضہ یہ ہے کہ مسلمانوں کی زندگی کائنات کے ہم آہنگ ہو۔احترا م ، سنجیدگی اور اپنی ذمہ داریوں کاشدیدا حساس آدمی کو میدان عمل میں لے آتاہے اور وہ غیرذمہ دارانہ جھمیلوں سے باہر نکل آتاہے۔ یہ بات جناب محمد ظفراللہ خان سابق امیرمقامی اودگیر(مہاراشٹر)نے کہی۔ وہ آ ج مسجد ابراھیم خلیل اللہ موقوعہ چیتہ خانہ بیدر میں جماعت اسلامی ہند بیدر کے ہفتہ واری اجتماع سے ’’زادراہ‘‘ کے بطور خطاب کررہے تھے ۔انھوں نے کہاکہ ہماری چھوٹی چھوٹی غیرذمہ داریوں سے زندگی بے اعتدالی کے گڑھے میں جاگرے گی ۔سورہ رحمن میں اللہ تعالیٰ فرماتاہے ،آسمان کو بلندکیاگیا، اس میں میزان رکھ دی گئی ہے جس میں خلل نہ ڈالو، انصاف کے ساتھ ٹھیک ٹھیک تولو، اور ڈنڈی نہ مارو ، یہ شہنشاہِ کائنات کا فرمان ہے۔ اکثر وحدانیت کے ثبوت کے لئے قرآن کائنات سے دلیل دیتاہے۔ دیگر امور کے لئے کائنات کو زیربحث لایاگیاہے۔ اسی موافقت اورہم آہنگی نے کائنات کو حسن بخشا ہے۔ اللہ تعالیٰ بندوں میں بھی یہی کچھ دیکھنا چاہتاہے۔ اس کے لئے پیغمبران کرام کو ذریعہ بنایاگیا۔ ’’تفہیم اسٹڈی سرکل‘‘ عنوان کے تحت مسجد اعظم (محمد اسدسلیم)، مسجد منیارتعلیم (فضل احمد ) اور کالی مسجد منیارتعلیم (محمدیونس خان) نے اسٹڈی سرکل کی روداد پیش کی اور بتایاکہ لوگوںمیں مسرت اس بات کی دیکھی گئی کہ اسٹڈی سرکل قرآن کے ذریعہ ہے اور یہ ایک اہم بات ہے۔ جناب محمد معظم امیرمقامی جماعت اسلامی ہند بیدر کی دعا پر اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ سید منور حسین ، محمدآصف الدین ، شعیب اللہ خان ، شیخ عبدالوحید، سیدجمیل احمدہاشمی ، عبدالغفار مؤظف ، عبدالمجید مدرس، محمدحنیف صاحب ،سید عرفان احمد(ذمہ دارحلقہ)، اور دیگربیسیوں اصحاب شریک اجتماع تھے۔