برہم پور (اُڈیشہ)۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) اُڈیشہ کے ضلع گنجام کے ایک دیہات میں سالانہ رتھ یاترا کے دوران ایک عمر رسیدہ خاتون اور اس کی 5 سالہ پوتی لارڈ جگناتھ کے متحرک رتھ کے پہیوں کے نیچے آکر کچلی گئیں۔ پولیس کے بموجب یہ حادثہ رکونی ساہو اور اس کی پوتی لکشمی کو دیہات سنگی پور میں کل پیش آیا۔ پولیس نے کہا کہ رکونی برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ بچی ایم آر سی جی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکی۔ پاٹا پور پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر اے کے باری نے کہا کہ روایت ہے کہ رتھ کھینچنے کے دوران دیوتا پر پھلیاں نچھاور کی جاتی ہیں، بھگت لارڈ جگناتھ کی مورتی کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے دھکم پیل کررہے تھے جبکہ دادی اور پوتی زمین پر گر پڑیں اور چوبی رتھ کے پہیوں کے نیچے آگئیں۔ دیہات اور آس پاس کے علاقوں کے ہزاروں لوگ رتھ کھینچنے کے لئے اس مقام پر جمع تھے۔ اس حادثہ کے بعد رتھ کو روک دیا گیا اور مختلف رسومات کی ادائیگی کے بعد رتھ کو دوبارہ کھینچا گیا۔ اڈیشہ کے شہر پوری میں لارڈ جگناتھ کا سب سے بڑا مندر واقع ہے جہاں پر ہر سال سب سے بڑی رتھ یاترا منعقد کی جاتی ہے۔ اڈیشہ کے دیگر علاقوں میں چھوٹے پیمانے پر رتھ یاترایائیں نکالی جاتی ہیں۔