رباط میں قیام کیلئے 585 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب

جناب محمود علی نے قرعہ اندازی انجام دی‘ دیرینہ مسئلہ کی خوشگوار یکسوئی ‘پہلی مرتبہ قیام کرنے والے عازمین کو مفت طعام کی سہولت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مکہ مکرمہ میں واقع رباط نظام حیدرآباد میں ریاست کے عازمین حج کے قیام کے مسئلہ کی آج خوشگوار انداز میں یکسوئی ہوگئی اور کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعہ 585 خوش نصیب عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم ہوگئی ۔ رباط میں تلنگانہ ریاست کے علاوہ کرناٹک و مرٹھواڑہ کے کچھ اضلاع کے عازمین بھی قیام کرسکتے ہیں۔ گذشتہ دو سال سے یہ مسئلہ ایچ ای ایچ دی نظام ٹرسٹ اور ناظر رباط کے مابین تنازعہ کا شکار تھا لیکن حکومت تلنگانہ بالخصوص ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کی انتھک کوششوں کے نتیجہ میں عازمین حج کو درپیش دیرینہ مسئلہ حل ہوسکا ۔ اس مسئلہ کی یکسوئی سے فی عازم کو 44,710 روپئے بچت ہوگی ۔ اس طرح 585 عازمین حج کیلئے جملہ 2,66,91,000 کروڑ روپیوں کی بچت ہوسکے گی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد نظام رباط کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نظام رباط مکہ مکرمہ میں قیام کرنے والے تقریبا 600 عازمین کو مفت طعام کی سہولت فراہم کرنے کا ناظر حیدرآباد نظام رباط جناب حسین محمد الشریف نے جناب محمد محمود علی کی خواہش پر فیصلہ کیا جس کا جناب محمد محمود علی نے اعلان کیا ۔ آج شام حج ہاوز میں مسرس ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی ، ناظر حیدرآباد نظام رباط جناب حسین محمد الشریف ، اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سید عمر جلیل ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ، اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی ڈاکٹر ایس اے شکور کی موجودگی میں کمپیوٹر کے ذریعہ قرعہ اندازی عمل میں آئی ۔ جس میں 585 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ۔ تلنگانہ سے 297 عازمین حج شامل ہیں ۔ حافظ و امام مسجد حج ہاوز حافظ محمد صابر پاشاہ کی قرات کلام پاک سے قرعہ اندازی تقریب کا آغاز ہوا ۔ ڈاکٹر ایس اے شکور نے خیر مقدم کیا اور سابق ریاست حیدرآباد پر مشتمل جملہ 21 اضلاع کے ناموں سے واقف کرواتے ہوئے حیدرآباد نظام رباط میں عازمین حج کے قیام کو یقینی بنانے کی گئی کوشش پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کی ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف کے ساتھ بات چیت کے علاوہ سید عمر جلیل کی کوشش کے نتیجہ میں مسئلہ کی یکسوئی ہوسکی ۔ جناب محمد محمود علی نے بتایا کہ گذشتہ دو سال سے چند ناگزیر وجوہات کے باعث رباط حیدرآباد میں عازمین حج کے قیام کا مسئلہ تنازعہ سے دوچار ہوگیا تھا لیکن گذشتہ سال جب وہ حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ میں قیام کئے تھے جناب حسین محمد الشریف سے ملاقات کر کے تبادلہ خیال کیا تھا ۔ جس پر ناظر رباط نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا تھا ۔ جس کے بعد جناب حسین محمد الشریف نے راست قرعہ اندازی سے اتفاق کیا ۔ انہوں نے جناب حسین محمد الشریف کے جذبہ خدمت کی ستائش کی اور کہا کہ حسین شریف ہمیشہ سے حقیقی حقدار کو رباط میں قیام کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا ذہن رکھتے تھے اور اسی مناسبت سے آج رباط میں قیام کیلئے کسی عازم حج سے کوئی درخواست حاصل نہ کرکے مرکزی حج کمیٹی کے ذریعہ قرعہ اندازی کا عمل انجام دیا گیا ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ ان کی خواہش پر ناظر رباط نظام حیدرآباد جناب حسین محمد الشریف نے پہلی مرتبہ 600 عازمین حج کو مفت طعام کی سہولت فراہم کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں تمام عازمین حج کو مفت طعام کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 12 عازمین حج جن کا نظام فیملی سے تعلق ہوگا انہیں بھی نظام رباط حیدرآباد میں قیام کی سہولت فراہم کی جائیگی ۔ جناب محمد محمود علی نے کہا کہ آئندہ سال رباط میں قیام کے لیے عازمین کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے جناب محمد محمود علی کے مزاج ، خلوص محبت اور خدمت کے جذبہ کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے دوبارہ رباط نظام حیدرآباد میں عازمین کو قیام کا موقعہ فراہم ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 20 سال سے ناظر رباط نظام حیدرآباد کی حیثیت سے خدمات کرنے کا انہیں اعزاز حاصل ہے ۔ آج کسی عازم سے کوئی درخواست کے بغیر غائبانہ عازمین کے انتخاب کو یقینی بنانے کمپیوٹر کے ذریعہ قرعہ اندازی کی جارہی ہے جس پر وہ مسرور ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک آن لائن کے ذریعہ جملہ 8 ہزار عازمین عمرہ کو رباط نظام حیدرآباد میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی ۔ ناظر رباط نے بتایا کہ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو اس مرتبہ نہ صرف طعام کا مفت انتظام رہے گا بلکہ کپڑوں کی دھلوائی کیلئے واشنگ مشین کے علاوہ لانڈری کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی ۔ عازمین کو آب زم زم بھی فراہم کیا جائے گا ۔ اسپیشل سکریٹری و اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی کوشش رہی ہے کہ عازمین حج کو بہتر سہولتیں فراہم ہوسکیں ۔ انہوں نے رباط نظام حیدرآباد کے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر کی کوشش اور جناب حسین محمد الشریف کی پہل پر مسرت کا اظہار کیا ۔ ( فہرست صفحہ 5 پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے )