رباط میں قیام کیلئے 1154 عازمین حج کا انتخاب

مدینہ منورہ میں رباط کی مساعی، قرعہ اندازی تقریب ، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب

جاریہ سال کھانے کا انتظام نہیں رہے گا:ناظر رباط

حیدرآباد ۔ 10 ۔اپریل (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی حیدرآبادی رباط میں قیام کیلئے عزیزیہ زمرہ کے 1154 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ آج انتخاب عمل میں آیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے چومحلہ پیالس خلوت میں کمپیوٹرائز قرعہ اندازی کا افتتاح کیا اور یقین دلایا کہ حج 2018 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے موثر انتظامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حجاج کرام کی خدمت کے سلسلہ میں عقیدت رکھتے ہیں اور اس سلسلہ میں فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ نظام اوقاف کمیٹی کے رکن ایم اے فیض خاں نے انکشاف کیا کہ مکہ مکرمہ کی طرح مدینہ منورہ میں بھی رباط حاصل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ دونوں مقامات پر نظام اسٹیٹ کے عازمین حج کو قیام کی سہولت حاصل ہو۔ قرعہ اندازی کی تقریب میں ناظر رباط حسین محمد الشریف، نظام اوقاف کمیٹی کے صدر نواب خیرالدین علی خاں ، ارکان فیض خاں اور فیض جنگ ، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں ، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں ، اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور ، حج کمیٹی کے ارکان اور دوسروں نے شرکت کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عازمین حج کی خدمت میں تلنگانہ ریاست ملک میں سرفہرست ہے۔ حکومت گزشتہ 4 برسوں سے عازمین کیلئے بہترین انتظامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بحری راستہ سے سفر حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور امید ہے کہ بہت جلد یہ سہولت شروع ہوگی۔ بحری راستہ سے سفر کی صورت میں عازمین حج کے اخراجات کافی کم ہوں گے ۔ انہوں نے ناظر رباط حسین محمد الشریف اور نظام اوقاف کمیٹی سے اظہار تشکر کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ حج کمیٹی کے اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی ستائش کی اور کہا کہ وہ بہتر انتظامات کیلئے ہمیشہ مصروف رہتے ہیں۔

ناظر رباط حسین محمد الشریف نے بتایا کہ تین عمارتوں میں 1586 عازمین کے قیام کی گنجائش ہے۔ آنے والے برسوں میں اس تعداد میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سعودی عرب کو جوابدہ ہے ، ہندوستان میں کسی کو جوابدہ نہیں۔ حسین شریف نے اوقاف کمیٹی سے خواہش کی کہ رائل فیملی کے عازمین کی فہرست 20 اپریل تک روانہ کر دیں تاکہ انتظامات میں سہولت ہو۔ اوقاف کمیٹی کے رکن فیض خاں رائل فیملی کی فہرست جاریہ ماہ کے اواخر تک روانہ کرنے کا تیقن دیا۔ حسین شریف نے اس بات کا اشارہ دیا کہ جاریہ سال عازمین حج کے لئے رباط میں کھانے کا انتظام ممکن نہیں ہے۔ آئندہ سال اس کی کوشش کی جائے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا تلنگانہ حکومت رباط میں عازمین حج کے کھانے کا انتظام کرے گی تو انہوں نے اس مسئلہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے ناظر رباط سے خواہش کی کہ عازمین کیلئے کھانے کا انتظام کریں۔ فیض خاں رکن نظام اوقاف کمیٹی نے کہا کہ وہ حال ہی میں سعودی عرب کا دورہ کرچکے ہیں اور مدینہ منورہ میں رباط کی عمارت حاصل کرنے کی مساعی شروع کی گئی ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ نظام اسٹیٹ کے 43 اضلاع پر مشتمل 6576 عازمین کے کور نمبرس کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔ تلنگانہ کے 31 ، مہاراشٹرا کے 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا۔ رباط کی 1286 نشستوں میں رائل فیملی کیلئے 10 فیصد نشستیں الاٹ کی گئیں جن کی تعداد 129 ہے۔ جبکہ خادم الحجاج کیلئے 3 نشستیں محفوظ کی گئیں۔ تینوں عمارتوں میں ایک ایک خادم ا لحجاج رہیں گے۔