رباط میں عازمین کے قیام کیلئے اوقاف کمیٹی نظام سے علحدہ پرمٹ کی ضرورت نہیں

قرعہ میں منتخب عازمین کو قیام کی سہولت ، ناظر رباط حسین محمد الشریف
حیدرآباد ۔ 30۔ جولائی(سیاست  نیوز) ناظر رباط حسین محمد الشریف نے واضح کردیا کہ رباط میں قیام کی سہولت کیلئے جو قرعہ اندازی کی گئی تھی، اسی فہرست کے مطابق منتخب عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین کیلئے اوقاف کمیٹی نظام سے علحدہ پرمٹ لیٹر حاصل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ناظر رباط نے بتایا کہ 3 عمارتوں میں 597 عازمین حج کے قیام کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور منتخب عازمین کی فہرست کے حساب سے عمارت کا الاٹمنٹ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب عازمین کیلئے الاٹ کردہ کمرے حتیٰ کہ بیڈ پر کور نمبر چسپاں کردیا گیا ہے۔ اوقاف کمیٹی نظام کی جانب سے تاحال صرف 450 پرمٹ لیٹرس کی اجرائی اور مخلوعہ نشستوں پر اوقاف کمیٹی کے درخواست گزاروں کو پر کرنے کی کوششوں کی مخالفت کرتے ہوئے ناظر رباط نے کہا کہ سوائے قرعہ اندازی کی فہرست کے کسی اور کو رباط میں قیام کی سہولت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین کو حیدرآباد پہنچ کر پرمٹ لیٹر حاصل کرنے میں کافی دشواریوں کا سامنا ہے، جس کے نتیجہ میں کئی افراد پرمٹ لیٹر حاصل کرنے سے قاصر رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی شکایات ملی ہے کہ اوقاف کمیٹی میں 25 جولائی آخری تاریخ مقرر کی تھی اور اس کے بعد رجوع ہونے والے عازمین حج کی درخواستیں قبول نہیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے 31 جولائی تک فہرست داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے واضح کردیا کہ رباط میں قیام کے لئے اوقاف کمیٹی کے جاری کردہ لیٹر کی کوئی اہمیت نہیں اور نہ ہی اس کی ضرورت ہے۔ قرعہ اندازی میں جو عازمین رباط میں قیام کیلئے منتخب کئے گئے، وہ راست طور پر رباط پہنچ کر اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں چونکہ منتخب عازمین کی فہرست سنٹرل حج کمیٹی  اور ناظر رباط کے پاس موجود ہے لہذا عازمین کو قیام میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ حسین محمد الشریف نے کہا کہ منتخب عازمین سے رہائش کے اخراجات وصول نہیں کئے جارہے ہیں لہذا وہ اوقاف کمیٹی کے لیٹر کے بغیر بھی رباط میں قیام کے مستحق رہیں گے۔ ناظر رباط نے کہا کہ اگر کچھ نشستیں خالی رہ جاتی ہیں تو ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو شامل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو نظام اوقاف کمیٹی سے مکتوب حاصل کرنے کیلئے سفر کی صعوبتیں برداشت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کردیا کہ اگر اوقاف کمیٹی منتخب فہرست کے علاوہ عازمین کو لیٹرس جاری کرے گی تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 597 منتخب عازمین میں سے تاحال 450 عازمین نے اوقاف کمیٹی سے پرمٹ لیٹر حاصل کیا ہے۔ کمیٹی اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ مخلوعہ نشستوں کو اس کے پاس درخواست داخل کرنے والے عازمین سے پر کردے۔ کئی عازمین حج نے آج ریاستی حج کمیٹی کے دفتر پہنچ کر شکایت کی کہ آخری تاریخ گزرنے کا بہانہ بناکر اوقاف کمیٹی ان کی درخواستیں قبول کرنے سے انکار کر رہی ہے۔