راہول گاندھی کے دورہ کیلئے سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ

مرکزی سیکوریٹی ٹیم کی دہلی سے بھینسہ آمد، پولیس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
بھینسہ۔/17 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ شہر میں 20 اکٹوبر کو کانگریس قومی صدر قدآور قائد راہول گاندھی کے دورہ کے پیش نظر مرکزی سیکوریٹی کی ایک ٹیم دہلی سے بھینسہ کا دورہ کرتے ہوئے شہر کے ایم پی ڈی او دفتر میں ایک اجلاس زیر صدارت سبا سنگھ یادو AGI نئی دہلی SPG منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں محکمہ پولیس، محکمہ مال، محکمہ برقی، محکمہ آتش فرو، محکمہ آر اینڈ بی، محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ، محکمہ اطلاعات و نشریات، محکمہ فوڈ جانچ و دیگر محکمہ جات شریک تھے۔ اس اجلاس میں سبا سنگھ یادو اے جی آئی نئی دہلی، ایس پی جی کے علاوہ این وی سیام ایس ایس او ( دہلی) منیش پاریک ایس ایس او ( دہلی)، بی نرسی ریڈی ڈی ایس پی(ISW) حیدرآباد کے علاوہ ضلع نرمل ایس پی ششی دھر راجو، ایڈیشنل ایس پی دکشنا مورتی، ضلع جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راؤ، آر ڈی او بھینسہ ای راجو، ڈی ایس پی بھینسہ بی راجیش کے علاوہ تمام محکمہ جات کے عہدیداران موجود تھے۔ جبکہ کانگریس قائدین میں ضلع صدر مہیشور ریڈی، نریش جادھو، راما راؤ پٹیل، نارائن راؤ پٹیل، موہن راؤ پٹیل، آنند راؤ پٹیل و دیگر موجود تھے۔ اس اجلاس میں راہول گاندھی کے دورہ بھینسہ پر کئے جارہے تمام تر انتظامات اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیکورٹی سے متعلق انتظامات کو قطعیت دی گئی۔ جبکہ اس اجلاس میں ہیلی پیاڈ، جلسہ گاہ، میڈیا پوائنٹ اور عوام کیلئے بھی انتظامات و دیگر اہم نکات پر عہدیداروں اور کانگریس قائدین کے درمیان تبادلہ خیال عمل میں آیا۔ بعد ازاں دہلی سے شرکت کرنے والی سیکورٹی ٹیم کے مذکورہ عہدیداروں نے کانگریس قائدین اور مذکورہ محکمہ جات کے عہدیداران کے ہمراہ جلسہ گاہ واقع بھینسہ، یارڈی بائی پاس کا دورہ کرتے ہوئے تمام انتظامات اور تیاریوں کا معائنہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کے علاوہ تمام تر تیاریوں کو بہتر سے بہتر انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ راہول گاندھی کے دورہ بھینسہ کو کامیاب بنایا جاسکے۔ کانگریس پارٹی کے قومی صدر راہول گاندھی کے 20 اکٹوبر بروز ہفتہ کو منعقد ہونے والے عظیم اجلاس کی تمام تر تیاریوں اور انتظامات کا آغاز دہلی SPG کے مذکورہ عہدیداران کی نگرانی میں عمل میں آچکا ہے۔ اس اجلاس اور جلسہ گاہ کے معائنہ کے موقع پر محکمہ صحت اور محکمہ پولیس کے اسپیشل برانچ کے عہدیداران موجود تھے۔