ورنگل۔/26اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سیکولرازم کی بقاء اور مسلمانوں کی ترقی کیلئے کانگریس کا برسر اقتدار آنا ضروری ہے۔ ورنگل میں راہول گاندھی کے دورہ سے اچانک کانگریس لہر میں اضافہ، پسماندہ مسلمانوں کو تحفظات کے اعلان سے مسلمانوں میں خوشی کی لہر پیدا ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد اسمعیل شمسی سابق صدر ضلع وقف کمیٹی ورنگل نے اردو صحافت سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے اس اعلان سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں اپوزیشن قائدین غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ محمد اسمعیل شمسی نے کہا کہ راہول گاندھی کے دورہ ورنگل کے بعد کانگریس پارٹی کارکنوں میں نیا جوش پیدا ہو ا ہے۔ نوجوانوں اور کسانوں کے چہروں پر خوشی دکھائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سیکولرازم کی برقراری کے ساتھ مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی اور تلنگانہ ریاست کی تعمیر نو و جنت نشان بنانے کیلئے اہلیت صرف کانگریس پارٹی رکھتی ہے۔ اسمعیل شمسی نے کہا کہ یہ انتخابات سیکولرازم اور کمیونلزم کے درمیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کیلئے سب پلان بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کانگریس کمیٹی صدر پونالہ لکشمیا کی قیادت میں تلنگانہ میں پہلی حکومت کانگریس کی قائم ہوگی۔ جناب لکشما اقلیتوں کے ہمدرد ہیں ، ان کی نگرانی میں مسلمانوںکیلئے کئی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اور ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ پونالہ لکشمیا اقلیتوں کے ساتھ ہمدردی کا جذبہ رکھتے ہیں اور ان کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے وزیر اعظم کے 15نکاتی پروگرام کو بامقصد بنایا جائے گا۔ محمد اسمعیل شمسی نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام کانگریس پارٹی امیدواروں کو منتخب کیا جائے تاکہ ملک و ریاست کی قومی یکجہتی برقرار رہے کیونکہ اس وقت فرقہ پرستی سے ملک کو بچانے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان دوراندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔