راہول گاندھی کے بھانجہ کو گود لینے کی تردید،میڈیا کو پرینکا کی نوٹس

نئی دہلی ۔ 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پرینکا گاندھی وڈرا نے آج ہفتہ وار اخبار اور بعض دیگر میڈیا تنظیموں کو قانونی نوٹس جاری کی ہے، جنہوں نے یہ خبر شائع کی تھی کہ وہ (پرینکا) اور شوہر رابرٹ وڈرا نے ان کے بیٹے کو راہول گاندھی کو گود دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پرینکا گاندھی نے ان کے لڑکے کی ہتک پر فوجداری اور تعزیری کارروائی کرنے کی دھمکی دی ہے۔ پرینکا گاندھی نے ان کے خاندان کے بارے میں جھوٹے و بے بنیاد الزامات عائد کئے جانے کا قانونی حل تلاش کرنے کا تہیہ کرلیا ہے۔ اخبار میں یہ اطلاع شائع ہوئی تھی کہ کانگریس کے سرکردہ حلقوں میں یہ خبریں گشت کررہی ہیں کہ کیا راہول گاندھی اپنی بہن پرینکا کے فرزند ریحان کو گود لے لیں گے تاکہ وہ خاندانی نام ’’گاندھی‘‘ کا استعمال کرسکے۔ پرینکا گاندھی نے اس خبر کو انتہائی بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی شدید اعتراض کیا کہ ریحان کے اسکول اڈمیشن فارم میں سرپرست کی حیثیت سے راہول گاندھی کا نام لکھا گیا ہے۔