راہول گاندھی کی یاترا کسانوں کے مفادات سے مربوط

نلگنڈہ /6 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کسانوں اور عوام مخالف پالیسیوں سے شعور بیدار کرنے اور کسانوں میں اعتماد بحال کرنے کی غڑض سے نائب صدر کل ہند کانگریس کمیٹی راہول گاندھی 12 مئی کو ریاست کا دورہ کریں گے ۔ یہ بات صدر تلنگانہ پردیش کانگریس و رکن اسمبلی کوداڑ مسٹر اتم کمار ریڈی نے آج ضلع مستقر میں رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ کی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے پروگرام کو پردیش کانگریس نے قطعیت دی ہے راہول گاندھی 11 مئی کو شام 4 بجے حیدرآباد پہونچے گے ۔

شب بسری کے بعد 12 مئی کو ضلع عادل آباد دور دراز قبائیلی تانڈوں میں زائد از 15 کیلومیٹر پد یاترا کرتے ہوئے غیر موسمی بارش سے متاثرہ کسانوں اور خودکشی کرنے والے کسانوں کے خاندانوں سے ملاقات کرتے ہوئے مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے ۔ نائب صدر کل ہند کانگریس کی پد یاترا زائد 20 ہزار کسانوں اور 30 ہزار پارٹی کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پد یاترا سیاسی مفادات کیلئے نہیں ہے بلکہ پریشان کسانوں میں اعتماد بحال کرنے کیلئے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کے سربراہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں ایک طرف غیر موسمی بارش سے پریشان ہیں وہیں پر برقی اور پانی کی عدم سربراہی سے شدید نقصانات سے دوچار ہوکر خودکشی کر رہے ہیں لیکن تاحال چیف منسٹر متاثرہ کسانوں سے متعلق کوئی ہمدردانہ بیان بھی جاری نہیں کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خودکشی کرنے والے کسانوں کے ا رکان خاندان کو فی کس 10 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا مطالبہ کیا اور عوام اور کسان دشمن پالیسیوں سے گریز کرنے پر زور دیا ۔ اس موقع پر تپرتی ایم پی پی مسٹر پی رام ریڈی اور دیگر موجود تھے ۔