راہول گاندھی کی پدیاترا پر شیوسینا کی تنقید

ممبئی ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شیوسینا نے آج خشک سالی سے متاثرہ ضلع ودربھا میں پدیاترا کرنے پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ انہیں اس وقت کسانوں کے آنسو پوچھنے چاہئے تھے جب کانگریس اقتدار میں تھی ۔ شیوسینا نے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کے یوم تاسیس مہاراشٹرا کے پیام پر بھی اعتراض کیا اور بتایا کہ محض کسانوں کی خود کشی واقعات ندامت کے اظہار سے مسئلہ کا حل نہیں ہوسکتا ۔ پارٹی ترجمان سامنا میں کہا گیا ہے کہ راہول گاندھی غالباً یہ بھول گئے ہیں کہ ماضی قریب میں مہاراشٹرا اور مرکز میں ان کی حکومت تھی اور وزیر اعظم منموہن سنگھ کی جانب سے منظورہ مالی امداد کسانوں میں تقسیم کیوں نہیں کی گئی ؟ اس وقت راہول گاندھی کسانوں کے ساتھ بیٹھ کر چائے اور سموسے کھارہے تھے جو کہ انتہائی شرمناک بات ہے ۔ شیوسینا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب تمہیں کسانوں کے آنسو دکھائی دے رہے ہیں اور اس وقت تم نے ان کے آنسو کیوں نہیں پونچھے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کا کیا ہوا اور تم نے کسانوں کو قرضوں سے نجات کیوں نہیں دلائی ۔ چیف منسٹر فڈنویس کے بیان پر بی جے پی کی حلیف جماعت نے کہا کہ کسانوں کی خود کشی ہر ایک کے لیے شرمناک بات ہے ۔ لیکن خالی خولی تقاریر سے مسئلہ کا حل نہیں برآمد نہیں ہوسکتا ۔ اگرچیکہ مہاراشٹرا میں حکومت تبدیل ہوگئی لیکن خود کشی کے واقعات کا سلسلہ تھما نہیں ۔ اور اس مسئلہ کی یکسوئی کے لیے ابھی سے کام شروع کردیا گیا تو آئندہ سال یوم مہاراشٹرا تک تمہیں شرمسار ہونا نہیں پڑے گا ۔ شیوسینا نے ہریانہ کے وزیر زراعت اوم پرکاش دھنکر کے اس بیان کی بھی مذمت کی کہ خود کشی کرنے والے کسان بزدل ہیں ۔۔