ریوا،28ستمبر(سیاست ڈاٹ کام )کانگریس صدر راہول گاندھی کی موجودگی میں بھارتیہ جنتاپارٹی کے ایک نوجوان رکن اسمبلی کے والد اور مدھیہ پردیش کے ریوا کے سابق رکن اسمبلی پشپ راج سنگھ آج ایک بار پھر کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ریوا ریاست کے سابق مہاراج پشپ سنگھ اس سے پہلے کانگریس میں تھے ۔وہ کانگریس کے ٹکٹ پر مسلسل تین اسمبلی انتخابات جیت کر سابق وزیراعلی دگ وجے سنگھ حکومت میں وزیر بھی رہ چکے ہیں ۔حالانکہ بیچ میں انھوں نے کانگریس چھوڑکر سماج وادی پارٹی (ایس پی )کادامن تھام لیاتھا۔انکے بیٹے دویہ راج سنگھ ابھی سرمور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں ۔کانگریس کے شہر کے صدر گرمیت سنگھ نے یواین آئی کو ٹیلی فون پر بتایاکہ مقامی سرکٹ ہاؤس میں مسٹر گاندھی کی موجودگی میں سابق رکن اسمبلی پشپ راج سنگھ نے کانگریس کی رکنیت اختیار کی ۔اس موقع پر مسٹر گاندھی کے علاوہ ریاستی صدر کمل ناتھ ،کانگریس ریاستی انتخابی مہم کمیٹی کے صدر جوترآدتیہ سندھیا اور مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اجے سنگھ موجود تھے ۔