نئی دہلی۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو ہندوستانی شہریت کے سوال پر کی گئی ایک شکایت کے ضمن میں جاری کردہ نوٹس کی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا اور کہا کہ قانون حق معلومات کی دفعات میں بعض ایسی معلومات کے انکشاف کی ممانعت ہے جس سے تحقیقات کا عمل متاثر ہوسکتا ہے۔وزارت داخلہ نے اپریل کے دوران گاندھی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کے حقیقی موقف کے بارے میں اندرون 15 دن وضاحت کرنے کی خواہش کی تھی۔ بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا سبرامنیم سوامی نے راہول گاندھی کی ہندوستانی شہریت کے موقف پر سوال اٹھاتے ہوئے یہ شکایت درج کروائی تھی۔ قانون حق معلومات کی ایک درخواست میں اس وزارت سے گاندھی کو دی گئی نوٹس کی ایک نقل کی فراہمی کیلئے کہا گیاتھا اور ان (راہول گاندھی) کی طرف سے دیئے گئے جواب کی تفصیلات بتانے کی خواہش بھی کی گئی تھی۔