راہول گاندھی کی سشیل کمار شنڈے سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 6 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی نے آج مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور شمال مشرق کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی تاکہ علاقائی عوام کی ہراسانی کا خاتمہ کرنے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جاسکے جبکہ حکومت نے ان کے اندیشوں کا ازالہ کرنے کیلئے انسدادی اقدامات کرنے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ شمال مشرقی ریاستوں کے پارٹی امور کے انچارج لوئیزنہو فلیرو نے شمال مشرقی ہند کے وفد کی قیادت کی اور نائب صدر کانگریس سے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اروناچل پردیش کے ایک طالب علم نیڈوتانیم کی موت کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور شمال مشرقی علاقوں کے عوام کے ساتھ تعصب کا برتاؤ ختم کیا جائے۔ 19 سالہ طالب علم تانیم کے قتل پر عوامی برہمی کے پیش نظر جسے مبینہ طور پر لاجپت نگر کے بیوپاریوں نے زد و کوب کیا تھا، اہمیت رکھتی ہے۔ فلیرو نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار ایم بی بیز بروا کی زیر صدارت ایک 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو شمال مشرقی ہند کے عوام کے ساتھ تعصب کے رویے ، حملوں اور تشدد کے پس پردہ وجوہات کا تجزیہ کرے گی اور دو ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ شمال مشرقی کونسل کے رکن بیزبروا کے علاوہ وزارت داخلہ کے نائب معتمد ایس سنہا اس کمیٹی کے رکن سکریٹری ہیں۔ ریٹائرڈ عہدیدار ایچ ڈبلیو ٹی سیم ،

آئیلن تیمیشی جامیر ، ٹیک باگرا اور پی بھرت سنگھ ارکان کمیٹی ہے۔ دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر رابن ہیبو جو اسی علاقہ کے ہیں وزارت داخلہ کی ٹیم میں شامل ہوں گے جو کمیٹی کی مدد کرے گی۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ شمال مشرقی ہند کے عوام کے اندیشوں کا ازالہ کرنے کیلئے یہ کمیٹی مختلف حالات کا جائزہ لے گی اور مناسب انسداد اقدامات کی تجویز حکومت کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کو سکریٹریٹ کی امداد اور وزارت داخلہ کی جانب سے اندرون دو ماہ رپورٹ پیش کرنے کیلئے سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ فلیرو نے کہا کہ کمیٹی کے صدرنشین کو این جی اوز اور شمال مشرقی ہند کے طلباء کو کمیٹی کے ارکان نامزد کرنے کے اختیارات دیئے گئے ہیں۔ یہ نہ صرف مسائل کا تجزیہ کرے گی بلکہ شہری حقوق کے تحفظ کے اقدامات بھی تجویز کرے گی۔ راہول گاندھی نے تعصب پر مبنی دشمنی کے تحت تانیم کے قتل کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اقدامات سے گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے راہول گاندھی کے ساتھ ان تمام واقعات پر تبادلہ خیال کیا جو ماضی میں پیش آچکے ہیں اور راہول گاندھی نے انہیں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہونے دینے کا تیقن دیا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے سے ملاقات کر کے تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔