نئی دہلی 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج راہول گاندھی کے دورۂ امریکہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ ’’جبری چھٹی‘‘ ہو ، جیسا کہ اِس کے حلیف جے ڈی (یو) اور آر جے ڈی چاہتے تھے کہ اُنھیں بہار کی انتخابی مہم سے دور رکھا جائے۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پترا نے بھی کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی اپنی عزت بچانا چاہتی ہے جس کا اظہار اُس کے بیانات سے ہوتا ہے۔ کانگریس نے ابتداء میں دعویٰ کیا تھا کہ راہول گاندھی شخصی دورہ پر ہیں۔ بعدازاں کہا گیا کہ وہ امریکہ میں ایک کانفرنس میں شرکت کے لئے گئے تھے۔ راہول گاندھی کو غیرملکی دورہ کے نام پر چھٹیاں منانے کی ضرورت تھی کیوں کہ اُنھوں نے دو عام جلسے منعقد کئے ہیں اور کاشتکاروں کے بارے میں شدید غور و فکر کررہے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ عظیم اتحاد کے قائدین کو اطلاعات ملی تھیں کہ بہار میں کانگریس سے خواہش کی تھی کہ اُنھیں (راہول کو) زبردستی چھٹیوں پر بھیج دیا جائے تاکہ وہ بہار کے قریب بھی پھٹکنے نہ پائیں کیوں کہ اس سے انتخابی امکانات متاثر ہونے کا اندیشہ تھا۔ بی جے پی کے ترجمان ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اتحاد کے دو بڑے قائدین چیف منسٹر نتیش کمار اور لالو پرساد نے ’’راہول گاندھی کو اُن کی اوقات‘‘ دکھادی ہے اور بہار کے جلسہ عام میں شرکت نہ کرکے اُن کی نظروں میں راہول گاندھی کی کیا اہمیت ہے، ظاہر کردیا ہے۔ اُنھوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو بھی ایک اور جلسہ عام سے خطاب کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ کانگریس کا مذاق اُڑاتے ہوئے اُنھوں نے وضاحت طلب کی کہ نائب صدر کانگریس کونسی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔