نرمل۔/13مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل ہند کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کسانوں کی خودکشی کی اموات کی روک تھام اور کسانوں کی ہمدردی کے تناظر میں نرمل کے مختلف منڈلوں میں کسان سندیش یاترا کررہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے وسیع پیمانہ پر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ اسپیشل پروٹیکشن فورس اور ریاستی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار وقفہ وقفہ سے راہول گاندھی کی سیکوریٹی کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی آج رات نرمل پہنچ گئے۔ کل یعنی 15مئی کی صبح مائدہ منڈل کے موضع کورٹکل سے ان کی کسان سندیش یاترا کا آغاز صبح 7بجے ہوگا اور مختلف دیہی علاقوں سے یہ یاترا قریب پندرہ کیلو میٹر کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے لکشمن چاندہ منڈل کے موضع وڈیال پہونچے گی جہاں یاترا جلسہ گاہ میں تبدیل ہوجائے گی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ قدآور قائد نرمل جیسے مقام پر شب بسری کررہے ہیں۔
مسٹر راہول گاندھی قدیم بس اسٹانڈ کے قریب ہوٹل MAYUE INN کے روم نمبر202 میں شب بسری کریں گے جبکہ روم نمبر 201 میں ڈگ وجئے سنگھ قیام کریں گے جہاں ابھی سے ہی پولیس سیکوریٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ اس ہوٹل میں ان کے ہمراہ ڈگ وجئے سنگھ اور دوسرے مرکزی قائدین بھی شامل ہوں گے۔ ہوٹل کے اطراف و اکناف انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ چار دن قبل ریاستی کانگریس کے صدر مسٹر اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر اور دوسرے اہم قائدین نے راہول گاندھی کے پروگرام کے سلسلہ میں نرمل کا دورہ کرتے ہوئے ان کے شب بسری کے ہوٹل کا بھی معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی کل دوپہر حیدرآباد شمس آباد ایر پورٹ پہنچنے کے بعد کاماریڈی جائیں گے۔ جہاں آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال میں اظہار یگانگت کریں گے۔ بعد ازاں نرمل آئیں گے جبکہ ان کے دورہ نرمل میں حلقہ اسمبلی نرمل کے تین منڈلوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ کل شام ہوٹل کے اطراف و اکناف پولیس فورس کو تعینات کرنے کیلئے مقامی پولیس انتظامات میں مصروف ہے جبکہ ایس پی جی کے عہدیدار بھی ہوٹل میں کیمپ کرتے ہوئے انتظامات کی نگرانی کررہے ہیں۔