ایٹا ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) تنازعات کھڑا کرنے کیلئے بدنام بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے آج ایک اور تنازعہ کھڑا کردیا جبکہ انہوں نے راہول گاندھی کو ’’پاگل‘‘ قرار دیا۔ وہ حالیہ دنوں میں پریشانی کے شکار کاشتکاروں تک رسائی حاصل کرنے کی نائب صدر کانگریس کی کوششوں پر تنقید کررہے تھے۔ ساکشی مہاراج نے وزیراعظم نریندر مودی کا لارڈ کرشنا سے تقابل بھی کیا اور کہا کہ لارڈ کرشنا نے دروپدی کو بچایا تھا اور نریندر مودی نے نیپال کو بچایا ہے۔ اناؤ کے رکن پارلیمنٹ نے راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ گیہوں اور مکئی کے درمیان فرق نہیں جانتے اور کاشتکاروں کی تائید کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ زرعی بحران کے بارے میں ساکشی مہاراج نے کہا کہ یو پی کی حکومت اس مسئلہ کی یکسوئی سے قاصر ہے حالانکہ مرکزی حکومت نے پریشان حال کاشتکاروں کیلئے رقم مختص کی ہے لیکن یہ رقم ان تک نہیں پہنچ سکی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ’’غنڈہ راج‘‘ کی تشہیر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و قانون کی صورتحال مکمل طور پر ابتر ہے۔ اکھیلیش یادو حکومت غیرموسمی بارش اور ژالہ باری سے مصیبت زدہ کسانوں تک امداد پہنچانے سے بھی قاصر ہیں۔ مودی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے حصول اراضی قانون کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ قانون کاشتکاروں کے مفاد میں ہے۔ مودی نے ہندوستان کو ترقی کے راستہ پر ڈال دیا ہے۔ ملک کی سرحدیں ان کی عقابی نظروں کی موجودگی میں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی بحیثیت مجموعی پورے ملک کیلئے جدوجہد کررہے ہیں اور ملک ان کے دورحکومت میں پوری طرح محفوظ ہیں۔