راہول گاندھی کو کانگریس صدر بنانے کی تیاریاں

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کی اچانک روپوش (پارٹی کی سرگرمیاں چھوڑ کر نامعلوم مقام پر روانگی) سے یہ اشارہ ملتا ہیکہ پارٹی میں انقلابی تبدیلی آنے والی ہے اور ممکن ہیکہ انہیں پارٹی صدر بنایا جائے گا چونکہ موجودہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی میعاد ماہ ستمبرمیں ختم ہوجائیگی۔راہول گاندھی کو ان کا جانشین اور وارث بنایا جاسکتا ہے۔ سونیا گاندھی 1998سے پارٹی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے سیتارام کیسری سے باگ ڈور حاصل کی تھی لیکن یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ماہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں منعقد اے آئی سی سی اجلاس میں راہول گاندھی کو پارٹی صدر بنایا جائے گا۔ تاہم پارٹی قیادت میں تبدیلی جاریہ سال یقینی ہے۔ جئے پور میں جنوری 2013ء کو منعقدہ چنتن شیور میں راہول گاندھی کو جنرل سکریٹری سے نائب صدر کے عہدہ پر ترقی دی گئی تھی اور گذشتہ پارلیمانی انتخابات میں ان کی قیادت میں انتخابی مہم چلائی گئی تھی لیکن پارٹی اقتدار سے محروم ہوگئی چونکہ راہول کا تعلق نہرو گاندھی سے ہے وہ صدارت کیلئے فطری امیدوار ہونگے۔ ان قیاس آرائیوں پر پارٹی قائدین خاموش ہیں اور یہ اشارہ دیا کہ مزید چند دن انتظار کیاجائے ۔

سونیا و راہول گاندھی میں اختلافات کی تردید
دونوں مربوط انداز میں پارٹی چلا رہے ہیں : کانگریس کا رد عمل
نئی دہلی 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج ان اطلاعات و قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے مابین کسی طرح کے اختلافات ہیں۔ پارٹی نے سینئر قائدین کمل ناتھ اور ڈگ وجئے سنگھ کی جانب سے الجھن اور نسل کے فرق سے متعلق ریمارکس کو ان کے شخصی خیالات سے تعبیر کیا ہے ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ سونیا اور راہول گاندھی مربوط انداز میں پارٹی چلا رہے ہیں ۔ پارٹی ترجمان رجیو گوڑا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مختلف قائدین ان کی شخصی رائے ظاہر کر رہے ہیں۔ جہاں تک ہم کانگریسیوں کا اور پارٹی قائدین و کارکنوں کا سوال ہے ہم اس بات سے خوش ہیں کہ کانگریس کی صدر اور نائب صدر انتہائی مربوط انداز میں پارٹی چلا رہے ہیں۔ گوڑا نے تاہم جاریہ سال کسی وقت راہول گاندھی کو پارٹی صدر بنانے کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے ۔ اس تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہا نتظار کیا جانا چاہئے ۔ جب کانگریس کی صدر سونیا گاندھی سے یہ سوال آج ہی صبح کیا گیا تھا انہوں نے کہا کہ جب کبھی ایسا ہوگا میڈیا کو اس کی اطلاع مل جائیگی ۔ سونیا گاندھی نے سیتارام کیسری سے 1998 میں پارٹی کی صدارت حاصل کی تھی اور وہ پارٹی کی طویل وقت سے خدمات انجام دینے والی صدر ہیں۔ سونیا گاندھی کے ریمارکس کے تعلق سے استفسار پر مسٹر گوڑا سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جب کبھی ایسا ہوگا ہم دیکھیں گے ۔ واضح رہے کہ یہ قیاس آرائیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں کہ بہت جلد راہول گاندھی کو پارٹی کی صدارت سونپی جاسکتی ہے ۔