نئی دہلی ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی 29 ڈسمبر کو شملہ کا دورہ کریں گے اور پارٹی کی حالیہ ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات میں کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ کانگریس کو بی جے پی کے مقابل کوہ ہمالیہ کے دامن میں واقع اس ریاست میں شکست ہوئی تھی۔ وہ گذشتہ 5 سال سے یہاں برسراقتدار تھی۔ وہ صرف 21 نشستیں حاصل کرسکیں جبکہ 68 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 44 نشستیں حاصل ہوئیں۔ پارٹی ذرائع کے بموجب صدر کانگریس پارٹی قائدین کے نقاط نظر معلوم کریں گے اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے دارالحکومت میں خطاب کریں گے۔ ان کا دورہ ایک دن کا ہے۔ وہ قبل ازیں اسی طرح مابعد انتخابات گجرات میں پارٹی کی کارکردگی پر نظرثانی بھی کرچکے ہیں جہاں پارٹی تقریباً 22 سال بی جے پی دوراقتدار کے بعد بھی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے میںناکام رہی حالانکہ یہ ایک جذباتی جنگ تھی۔ بی جے پی نے اپنی پوری طاقت وزیراعظم کی آبائی ریاست میں جھونک دی تھی۔ کئی مرکزی کابینی وزراء اور اعلیٰ سطحی پارٹی قائدین انتخابی مہم کے آغاز سے انتخابات کے اختتام تک یہاں کیمپ ہوئے تھے۔