گوہاٹی ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک عورت بونٹی کو جس نے آسام میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے حالیہ دورہ میں استقبال کیلئے کافی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا تھا، اُس کے شوہر نے مبینہ طور پر زندہ جلا کر موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ والہانہ استقبال کے جوش میں بونٹی نے راہول کا گال چوما تھا۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ رپورٹ کے مطابق اس پر میاں، بیوی میں جھگڑا ہوا اور شوہر نے بیوی کو آگ لگا دی۔ شوہر کو بھی جھلسنے کے 40 فیصد زخم آئے اور وہ اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ اس دوران پولیس نے وضاحت کی کہ ہلاک ہونے والی لڑکی وہ نہیں ہے جس نے راہول گاندھی کا بوسہ لیا تھا۔
سلمان خورشید کے خلاف مظاہرہ
فرخ آباد ۔ یکم مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر سلمان خورشید کے خلاف آج بی جے پی یوا مورچہ کے کارکنوں نے سیاہ پرچموں کے ساتھ مظاہرہ کیا ۔ نریندر مودی کے خلاف خورشید کے ایک متنازعہ ریمارک پر یہ مظاہرہ کیا گیا ۔