نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ’’حقائق کو چالاکی کے ساتھ توڑمروڑ کر پیش کرتے ہوئے‘‘ ان کے حلاف نفرت پھیلانے کا میڈیا کے ایک گوشہ پر الزام عائد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ وہ جھوٹ پھیلا کر اپنی روٹی کما رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے اس ضمن میں ’’کوبرا پوسٹر‘‘ کے حالیہ اسٹنگ آپریشن کا حوالہ دیا جس میں مبینہ طور پر انکشاف کیا گیا ہیکہ 17 میڈیا ادارے رقم کے بدلے فرقہ وارانہ خبریں پھیلانے کیلئے تیار ہیں۔ راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’میں کبھی بھی ان سے نفرت نہیں کرسکتا جو جھوٹی خبروں اور حقائق کو چالاکی کے ساتھ توڑمروڑ کر پیش کرتے ہوئے میرے خلاف نفرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان (میڈیا اداروں) کے لئے یہ محض کاروبار ہے۔ نفرت بھی ایک قیمت پر فروخت کی جاتی ہے۔ جیسا کہ کوبرا پوسٹ نے ظاہر کردیا ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے طنز و مذاق کے ساتھ کہا کہ ’’مجھے اس حد تک عزت، احترام اور آسائش حاصل ہیں کہ وہ میرے خلاف جھوٹ کی بھرمار کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کی گذر بسر کیلئے کمائی کررہے ہیں‘‘۔ راہول گاندھی کی پارٹی نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’’کوبرا پوسٹ کے اسٹنگ پر اصل دھارے کی صحافت کی خاموشی خود اس (اصل دھارے کا میڈیا) کی ساکھ و صداقت کی کہانی بیان کررہی ہے‘‘۔
پانچ نکسلائیٹس کی خودسپردگی
ناگپور ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پانچ نکسلائیٹس بشمول دو خواتین نے گڑھ چرولی پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ ان قائدین کے سر پر جملہ 25 لاکھ روپئے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ اس علاقہ میں نکسلائیٹس کی خودسپردگی کا دوسرا واقعہ ہے۔