راہول گاندھی کا دورہ وشاکھاپٹنم، طوفان کے متاثرین سے ملاقات

مناسب معاوضہ کیلئے امداد و باز آبادکاری کیلئے مرکز پر دبائو ڈالنے کا تیقن،
وشاکھاپٹنم۔/19اکٹوبر، ( این ایس ایس ) آل انڈیا کانگریس کمیٹی ( اے آئی سی سی ) کے نائب صدر راہول گاندھی نے اتوار کو آندھرا پردیش میں طوفان ہد ہد سے متاثرہ اضلاع کا دورہ کیا اور عوام کو یقین دلایا کہ تباہ شدہ ساحلی شہر کی دوبارہ تعمیر کیلئے ان کی پارٹی مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالے گی۔ راہول گاندھی نے وشاکھاپٹنم میں آمد کے بعد اسٹیل پلانٹ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا جو طوفان سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے اسٹیل پلانٹ کے ملازمین سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ پلانٹ کو ہونے والے بھاری نقصانات پر مناسب معاوضہ کی ادائیگی کیلئے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ مرکزی حکومت سے موثر نمائندگی کریں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ عوام کی دشواریوں کا شخصی طور پر جائزہ لینے کیلئے وہ یہاں پہنچے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ عوام کو تیقن دیا کہ شہر وشاکھاپٹنم کی دوبارہ تعمیر اور متاثرہ عوام کی امداد و بازآبادکاری کیلئے ان کی پارٹی مرکز سے مطالبہ کرے گی اور اپنے مطالبہ کو منوانے کیلئے جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ بڑی بدبختی کی بات ہے کہ سرسبز و شاداب یہ خوبصورت شہر طوفان سے بری طرح تباہ ہوا ہے۔ راہول گاندھی کے ساتھ آندھرا پردیش کانگریس کے کئی قائدین موجود تھے انہوں نے وشاکھاپٹنم کے علاوہ وجیا نگرم اور دیگر مقامات کا بھی دورہ کیا۔