نئی دہلی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کے دورۂ امریکہ پر کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہاکہ جس کانفرنس میں نائب صدر شرکت کررہے ہیں اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اِس کا دعوت نامہ جولائی میں وصول ہوچکا تھا، حقائق کو پوشیدہ رکھتے ہوئے دروغ گوئی پر مبنی کوشش ہے۔ بی جے پی کے ترجمان جی وی ایل نرسمہا راؤ نے اظہار حیرت کیاکہ کیا راہول گاندھی اِس بار بروقت واپس آجائیں گے کیوں کہ ایسپین ادارہ کے پروگرام کے مطابق دعویٰ کیا گیا ہے کہ سالانہ تقریب ہفتہ کے دن 25 جون اور 4 جولائی کے درمیان منعقد کی جاچکی ہے۔ بی جے پی ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ کانگریس کوئی جائز وجہ راہول گاندھی کی غیر حاضری کے لئے پیش کرنے سے قاصر ہے۔ روزانہ ایک نئی کہانی سنائی جارہی ہے جس میں نئی حقیقت ہوتی ہے۔ اِس سے صاف ظاہر ہے کہ یہ تمام باتیں جھوٹی ہیں اور کانگریس پارٹی دروغ گوئی کا سہارا لے رہی ہے تاکہ حقائق کو پوشیدہ رکھ سکے۔ وجہ سے ہم ناواقف ہیں۔
وزیراعظم کے بیرونی دوروں پر کانگریس کی تنقید
نئی دہلی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ امریکہ کے آغاز پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے اُنھیں ’’این آر آئی وزیراعظم‘‘ قرار دیا۔ اور کہاکہ 15 ماہ کے دور اقتدار میں وہ 29 بیرونی دورے کرچکے ہیں۔ کانگریس نے سوال کیاکہ اُن کے دوروں سے ملک کو کیا حاصل ہوا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ یہ ہمارے این آر آئی وزیراعظم کا 29 واں بیرونی دورہ ہے۔ اُنھوں نے اپنے 15 ماہ کے دور اقتدار میں ساڑھے تین ماہ ملک سے باہر گزارے ہیں۔
اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نے چین اور جاپان کا دورہ کیا جس کے دوران اُنھیں صرف 13 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالر سرمایہ کاری کے تیقنات حاصل ہوئے۔