سلطان پور ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دو چچازاد بھائیوں کے درمیان خیرسگالی اور جذبات کے اظہار کے نادر موقع پر بی جے پی کے لیڈر ورون گاندھی نے راہول گاندھی کی بھرپور ستائش کی اور کہا کہ امیتھی میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے راہول گاندھی نے بہترین کوششیں کی ہیں۔ ورون گاندھی کی اس ستائش پر راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں خوشی ہیکہ ان کے بھائی نے کاموں کو سراہا ہے۔
کل رات سلطان پور میں ٹیچرس کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی امیدوار نے کہا کہ راہول گاندھی اچھا کام کررہے ہیں۔ اپنے پارلیمانی حلقہ میں خواتین کیلئے انہوں نے بہترین خدمات انجام دی ہیں۔ ورون گاندھی کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرنے کیلئے پوچھاگیا تو راہول گاندھی نے جو اپنی والدہ کی ہمراہ رائے بریلی میں تھے، کہا کہ ورون صحیح کہہ رہے ہیں۔ ہم امیتھی میں مسلسل کام کرتے ہوئے اپنی حکمت عملی انجام دے رہے ہیں۔