راہول گاندھی نے امریکی کانفرنس کی تصویر ٹوئیٹر پر پیش کی

نئی دہلی 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے تعلق سے بی جے پی کی قیاس آرائیوں کے دوران خود راہول نے آج اپنی ایک تصویر ٹوئیٹر پر پیش کی ۔ وہ امریکی شہر ایسپن میں ایک کانفرنس میں شریک ہیں۔ اپنے سرکاری ٹوئیٹر پر راہول گاندھی نے تحریر کیا ہے کہ اس کانفرنس میں عالمی معیشت اور ٹکنالوجی کی طاقت پر دلچسپ تبادلہ خیال ہوا ہے ۔ کانگریس کے لیڈر ملند دیورا نے بھی خود اپنی اور راہول گاندھی کی تصاویر ٹوئیٹر پر پیش کی ہیں جن میں آئیس لینڈ کے صدر اولافر راگنار گریمسن اور سابق برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملیبنڈ کو بھی راہول گاندھی کے ساتھ دکھایا گیا ہے ۔ کانگریس کا یہ اصرار ہے کہ راہول گاندھی امریکہ میں ایک کانفرنس میںشرکت کیلئے گئے تھے جو ایسپین انسٹی ٹیوٹ کولوراڈو میں منعقد ہوئی ہے ۔ اس کانفرنس میں سیاست ‘ معیشت ‘ ٹکنالوجی ‘ میڈیا اور دوسرے شعبہ کی اہم شخصیتوں نے شرکت کی ہے ۔ بی جے پی کا کہنا تھا یہ کانفرنس جولائی ہیں میں منعقد ہوگئی تھی اور کانگریس غلط بیانی کر رہی ہے ۔