نئی دہلی ۔ /27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کانگریس سربراہ سنجے نروپم کے اس متنازعہ ریمارک پر کہ کانگریس کے اندر نسلی ٹکراؤ پیدا ہورہا ہے ۔ پارٹی کے کئی قائدین نے ان کے اس ریمارک پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ راہول گاندھی کسی ایک گروپ کے لیڈر نہیں بلکہ وہ پوری کانگریس پارٹی کے قائد ہیں ۔ کانگریس کے سینئر قائدین جو راہول گاندھی کو ایک گروپ لیڈر تک محدود رکھنا چاہتے ہیں دراصل وہ بزرگ کانگریسیوں کی قیمت پر نوجوانوں کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان قائدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی پیشکش سے پارٹی کو نقصان پہونچے گا۔ گزشتہ سال لوک سبھا انتخابات میں بدترین انتخابی ناکامی کے بعد پارٹی کے اندر اس طرح کی قیاس آرائیوں سے کانگریس کو نقصان پہونچے گا ۔ پارٹی جنرل سکریٹری شکیل احمد نے کہا کہ راہول گاندھی کانگریس میں ایک گروپ کے لیڈر نہیں بلکہ وہ پوری کانگریس پارٹی کے قائد ہیں ۔ انہوں نے میڈیا کی جانب سے پیش کی جانے والی من گھڑت کہانیوں کو مسترد کردیا ۔ شکیل احمد نے کہا کہ جو کوئی یہ کہہ رہے کہ ہیں کہ کانگریس کے نائب صدر صرف نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تو انہیں یہ معلوم ہونا چاہئیے کہ گجرات کے پی سی سی صدر ، کیرالا کے پی سی سی صدر کے بارے میں جانکاری رکھیں ۔ کانگریس کے ایک اور لیڈر منیش تیواری نے نروپم کے ریمارکس پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔