پٹنہ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام )چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کانگریس نائب صدر راہول گاندھی سے ملاقات کا دفاع کیا اور کہا کہ راہول گاندھی پارٹی میں قائدانہ رول ادا کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ پارٹی سیاسی امور میں فیصلہ سازی میں ان کا کلیدی رول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل راہول گاندھی نے طئے شدہ شیڈول کے مطابق ملاقات ہوئی ۔ بہار انتخابات میں جنتادل (یو) اور آرجے ڈی کے بشمول دیگر جماعتوں پر مشتمل وسیع تر اتحاد کے منصوبہ کا کانگریس بھی ایک اہم حصہ ہے اور انہوں نے اس پس منظر میں راہول گاندھی سے ملاقات کی ہے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ نہ صرف کانگریس اس وسیع تر اتحاد کا حصہ ہے بلکہ گذشتہ دو سال سے بہار میں جنتادل (یو ) حکومت کی وہ تائید کررہی ہے ۔ اس طرح انہوں نے راہول سے ملاقات کو درست قرار دیا ۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی ہیکہ وہ پہلی مرتبہ راہول سے ملاقات نہیں کررہے ہیں تاہم اس سے پہلے کی ملاقاتوں کے بارے میں تفصیلات بتانے سے انہوں نے انکار کیا ۔