راہول گاندھی سے سینئر قائدین کا اہم مسائل پر تبادلہ خیال

پارٹی میں بحران کے درمیان استعفے دینے کیلئے اصرار نہ کرنے صدر سے درخواست
نئی دہلی ۔ 28مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے گذشتہ روز ملاقاتوں سے دور رہنے کے بعد آج اپنی بہن پرینکا گاندھی وڈرا ، راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ ، ان کے نائب سچن پائیلٹ کے بشمول کئی سینئر قائدین سے ملاقات کی ۔ پارٹی صدارت سے سبکدوش ہونے راہول گاندھی کی مسلسل اصرار کے سبب شمالی ہند کی ریاستوں ان کی پارٹی میں اتھل پتھل پیدا ہوگئی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ سب سے پہلے سچن پائیلٹ نے آج ان سے ملاقات کی ، بعد ازاں اشوک گہلوٹ بھی وہاں پہنچ گئے ۔ ان ملاقات کے دوران کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا بھی موجود تھیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال اور سینئر ترجمان رندیپ سرجیوالا نے اپنی پارٹی کے صدر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ بیان کیا جاتا ہے کہ راہول گاندھی اپنی پارٹی کی صدارت چھوڑنے پر بضد ہیں اور چاہتے ہیں کہ غیر گاندھی خاندان کے فرد کو کانگریس کی صدارت پر مامور کیا جائے ۔ راہول گاندھی نے گذشتہ روز تمام ملاقاتوں کو منسوخ کردیا اور سارا دن کسی سے رابطہ نہیں کیا تھا ۔ البتہ شام میں وہ مقامی ہوٹل گئے تھے ۔ کانگریس کے سینئر قائدین نے اس دوران راہول گاندھی کو استعفی دینے سے روکنے کی کوشش کے طور پر منانے کی کوشش کی ۔ ایک سینئر لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ راہول گاندھی کو استعفی نہیں دینا چاہیئے بلکہ لاپرواہی کرنے والوں سے استعفے طلب کرنا چاہیئے ۔ انتخابات میں بدترین ہزیمت کے بعد کانگریس داخلی اتھل پتھل سے گذر رہی ہے ۔