نئی دہلی ۔ /8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج راہول گاندھی پر ان کے اس تبصرے پر کہ وہ ملک کا وزیراعظم بننے کیلئے تیار ہیں ۔ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’اونچے اونچے خواب دیکھ رہے ہیں‘‘ جبکہ ان کی پارٹی مسلسل انتخابی ناکامیوں کا سامنا کررہی ہے ۔ بی جے پی کے ترجمان شاہنواز حسین نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنے سے پہلے کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دکھانا چاہیے ۔ ان کی پارٹی 13 ریاستوں میں انتخابی ناکامیوں کا سامنا کرچکی ہے ۔ مسلسل پانچ ریاستوں میں وہ انتخابات میں ناکام رہ چکی ہیں اور کرناٹک میں اس کی یہ مسلسل چھٹویں ناکامی ہوگی ۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ پورا ملک ایک بار پھر نریندر مودی کو وزیراعظم منتخب کرے گا ۔