نئی دہلی 29 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی بہار میں 9 انتخابی ریلیوں سے خطاب کرینگے ۔ ان میں دو ریلیاں سیمانچل میں منعقد ہونگی ۔ تاحال قطعیت پائے پروگرام کے مطابق کانگریس کی صدر سونیا گاندھی بہار میں ایک ماہ طویل انتخابی مہم کے دوران کم از کم چار ریلیوں سے خطاب کرینگی ۔ انتخابی مہم کا آغاز 3 اکٹوبر کو بھاگلپور سے ہوگا ۔ پارٹی کے ذرائع نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے مطالبہ کے مطابق ان قائدین کی ریلیوں کی تعداد میں قدرے اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔فی الحال راہول گاندھی اور سونیا گاندھی جملہ 13 ریلیوں سے خطاب کرینگے ۔ راہول گاندھی 7 اکٹوبر 26 اکٹوبر اور 30 اکٹوبر کو ریلیوں سے خطاب کرینگے ۔ وہ ہر روز تین ریلیوں سے خطاب کرینگے ۔ 7 اکٹوبر کو راہول گاندھی بیگو سائے ‘ شیخ پورا اور ساسارام میں جلسوں سے خطابکرینگے ۔ اس کے علاوہ مغربی چمپارن ‘ مشرقی چمپارن اور سیتامڑھی میں 26 اکٹوبر کو اور پھر 30 اکٹوبر کو کٹیہار و کشن گنج میں جلسوں سے خطاب کرینگے ۔ کشن گنج اور کٹیہار میں رائے دہی پہلے مرحلہ میں 5 نومبر کو منعقد ہوگی جب 57 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ان دونوں اضلاع میں مسلمانوں کی خاطر خواہ آبادی ہے اور ان کے ووٹ انتخابی نتائج کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔