راہول گاندھی اور چندرابابو نائیڈو مشترکہ جلسہ سے خطاب کریں گے

نومبر میں حیدرآباد ایل بی اسٹیڈیم میں جلسہ عام کیلئے انتظامات، صدر کانگریس کے دورہ کی تیاریاں

حیدرآباد 13 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدر کانگریس راہول گاندھی اور تلگودیشم قومی صدر و چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو حیدرآباد میں ایک مشترکہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ تلنگانہ کانگریس کی جانب سے اس جلسہ عام کے لئے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ نومبر میں حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے اس جلسہ عام میں عظیم اتحاد کی دیگر پارٹیوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی لیڈرس موجود ہوں گے۔ تلنگانہ کانگریس ریاستی اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی مہم چلانے کے لئے پارٹی صدر راہول گاندھی کے دورہ کی تواریخ کو قطعیت دے رہی ہے۔ سیاسی حلقوں میں یہ بات سرگرمی سے گشت کررہی ہے کہ راہول گاندھی اور چندرابابو نائیڈو کی ایک ہی پلیٹ فارم پر موجودگی سے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو تلگودیشم کے حامیوں کی بھی تائید حاصل ہوگی۔ دریں اثناء صدر کانگریس راہول گاندھی توقع ہے کہ تلنگانہ میں 20 اکٹوبر کو انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ 7 ڈسمبر کو مقررہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان شراون دسوجو نے کہاکہ راہول گاندھی نظام آباد کے قریب کاماریڈی اور عادل آباد کے قریب بوتھ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
سی ایم رمیش کے مکان پر دوسر ے دن بھی آئی ٹی کے چھاپے
حیدرآباد 13 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام )آندھراپردیش کی حکمران جماعت تلگودیشم کے رکن راجیہ سبھا سی ایم رمیش کے دفتر میں دوسرے دن بھی آئی ٹی کے چھاپے مارے گئے ۔ساگر سوسائٹی میں واقع سی ایم رمیش کے دفتر میں آئی ٹی کے افسروں نے بعض دستاویزات کی جانچ کی۔گزشتہ روز صبح شروع ہوئے ان چھاپوں میں تقریباً 60افسروں نے حصہ لیا ۔