راہول گاندھی اور نریندر مودی کی آج چھتیس گڑ ھ میں انتخابی مہم

رائے پور ۔ /8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور صدر کانگریس راہول گاندھی جمعہ کے دن چھتیس گڑھ میں پہلے مرحلے کی اسمبلی رائے دہی سے قبل انتخابی مہم چلائیں گے ۔ مودی بستر ضلع ہیڈکوارٹر جگدلپور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ صدر کانگریس راہول گاندھی دو دن تک پوری ریاست کا دورہ کریں گے اور اس کے دوران پانچ عام جلسوں سے خطاب کریں گے اور چیف منسٹر رمن سنگھ کے حلقہ انتخاب راج نند گاؤں میں ایک روڈ شو منعقد کریں گے ۔ وزیراعظم 11.20 پر ایرپورٹ پہونچیں گے اور بذریعہ ہیلی کاپٹر جگدل پور روانہ ہوجائیں گے ۔ راہول گاندھی جمعہ کے دن پہلے جلسہ عام سے پکھنجور قصبہ ضلع کنکیر میں دوپہر کے وقت جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ بعد ازاں ضلع راج نند گاؤں خیر گڑھ اور دونگر گڑھ قصبے میں عام جلسوں سے خطاب کریں گے ۔ راج نند گاؤں میں ان کا روڈ شو ہوگا ۔ وہ راج نند گاؤں میں شب بسری کریں گے ۔ اور ہفتہ کے دن مزید عام جلسوں سے خطاب کریں گے ۔