راہول کے طیارہ میں خرابی کانگریس کا تحقیقات کا مطالبہ

بنگلورو۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک طیارہ جس میں صدر کانگریس راہول گاندھی سوار تھے، آج ٹیکنیکی خرابی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہوگیا جبکہ ان کی پارٹی نے اس کو ’’مشکوک اور کوتاہی سے بھرپور مظاہرہ ‘‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ یہ طیارہ ہبالی ایرپورٹ شمالی کرناٹک پر لینڈ ہوا تھا۔ ڈائرکٹریٹ جنرل شہری ہوا بازی نئی دہلی نے کہا کہ وہ مسئلہ کا جائزہ لے گی جبکہ پولیس نے شکایت درج کرلی ہے۔ طیارہ اچانک بائیں جانب وزنی ہوگیا تھا اور اس کی بلندی میں تیزی سے کمی واقع ہورہی تھی جس کی وجہ سے طیارہ نے 10 بجکر 45 منٹ پر ایرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ راہول گاندھی کی پارٹی نے مطالبہ کیا ہیکہ ٹیکنیکی خرابی پیدا ہونے کی وجوہات کی تحقیقات کروائی جائیں۔ راہول گاندھی کرناٹک میں انتخابی مہم چلانے کیلئے دو دن کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ ڈی سی پی لا اینڈ آرڈر رینوکا سکمار ہبالی ۔ دھارواڑ پولیس نے ایک پریس کانفرنس میں تحقیقات کا تیقن دیا اور کہاکہ دفعہ 287 کے تحت شکایت درج کرلی گئی ہے۔