راہول کی ’ کھاٹ سبھا ‘ کے بعد نراج کی حالت

سبھا کے شرکا ہزاروں چار پائیاں اٹھا کر چلے گئے ‘ اپوزیشن کی تنقید
ردرا پور ( یو پی ) 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یو پی اسمبلی انتخابات سے قبل کسانوں تک رسائی حاصل کرنے کانگریس کی کوشش کے طور پر راہول گاندھی کی ’ کھاٹ سبھا ‘ نے آج پارٹی الجھن و شرمندگی کا شکار کردیا جب اس میں شرکت کرنے والے افراد سبھا کے بعد ہزاروں کھاٹ گہما گہمی کے مناظر کے دوران وہاں سے لے کر چلے گئے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے اتر پردیش کے مشرقی علاقہ میں واقع دیوریا سے اپنی 2500 کیلومیٹر کی کسان مہایاترا کا آغاز کیا ۔ اس یاترا کے دوران وہ کھاٹ سبھا ( چار پائی ملاقاتیں ) منعقد کر رہے ہیں۔ آج پہلی سبھا منعقد ہوئی تھی جس میں انہوں نے مقامی افراد کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ جیسے ہی وہ کسانو سے زرعی قرضہ کی معافی ‘ برقی شرحوں میں کمی اور اقل ترین امدادی قیمت کا وعدہ کرکے وہاں سے روانہ ہوئے اس مقام پر بالکل نراج کی کیفیت پیدا ہوگئی جہاں مرد و خواتین اور بچے بھگدڑ کے عالم میں چارپائیاں اٹھائے اپنے گھروں کی سمت دوڑنے لگے ۔ یہاں معمولی جھگڑے بھی ہوئے جبکہ پولیس اہلکار تفریحی انداز میں دکھائی دئے اور انہوں نے کسی کو بھی روکنے کی کوشش نہیں کی ۔ جب چار پائی کے تعلق سے سوال کیا گیا تو ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ’’ کیا ہے کی ‘ راہول جی نے ہی دیا ہے ‘‘ ۔ اس واقعہ پر اپوزیشن جماعتوں نے تنقید کی ہے تاہم کانگریس نے فوری جوابی وار بھی کیا ہے ۔ راہول کے ساتھ سفر کرنے والے قائدین نے کہا کہ اس واقعہ پر کانگریس پر تنقیدیں اپوزیشن جماعتوں کو مہنگی ثابت ہونگی کیونکہ آج بھی گاوں دیہاتوں میں کھاٹ کی اہمیت ہے ۔

 

مودی حکومت علیحدگی پسندوں سے سختی سے نمٹے گی
نئی دہلی6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت جموں و کشمیر کے علیحدگی پسند قائدین کے بارے میں اپنا رویہ مزید سخت کردے گا۔ اُن کے بیرونی دورے مشکل بنادیئے جائیں گے اور صیانتی انتظامات میں کمی کردی جائے گی جو اُنھیں فی الحال سرکاری خرچ پر کئے جاتے ہیں۔ علیحدگی پسندوں کے ارکان پارلیمنٹ سے سرد رویہ پر برہم مرکز نے فیصلہ کیا ہے کہ اُنکے بیرون ملک دوروں پر تحدیدات عائد کردی جائیں گی۔ اُن کے پاسپورٹس واپس لے لئے جائیں گے اور اُنھیں بعض معاملات میں سفری دستاویزات فراہم کرنے سے انکار کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مرکز اُن کے بینک کھاتوں کی جانچ بھی کرے گا اور اُن کے خلاف جاری مقدمات کی تحقیقات مکمل کرے گا۔