کوربا ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی موجودگی میں چھتیس گڑھ پردیش کانگریس کے صدر بھوپیش باگھیل اور سابق چیف منسٹر اجیت جوگی کے درمیان تلخ بحث و تکرار ہوگئی۔ یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے موضع مدن پور میں جاری ایک ’’چوپال‘‘ (دیہاتی اجلاس) کے دوران پیش آیا جب تحفظ ماحولیات کے ایک جہدکار الوک شکلا کا پروگرام جاری تھا، جس میں جوگی نے بھاگیل سے کہا کہ دیگر علاقوں کے افراد کے بجائے مقامی قبائیلیوں کو چوپال سے خطاب کا موقع دیا جائے۔ اس بات پر دونوں کے درمیان زبردست بحث چھڑ گئی۔ تاہم اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری بی کے ہری پرساد نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو خاموش اور پرسکون ہوجانے کی ترغیب دی۔ اجیت جوگی چوپال کے شہ نشین پر بیٹھنے والوں کی فہرست میں اپنے نام کی عدم شمولیت پر برہم تھے۔ بعدازاں جوگی کو شہ نشین پر بیٹھنے کی اجازت دی گئی، لیکن راہول نے خود کو جوگی سے دور رکھا اور جب وہ اپنی وہیل چیر کے ذریعہ ان کے قریب پہنچ رہے تھے، راہول نے ان کے بجائے بھوپیش بھاگیل کو اپنے بازو کی نشست پر بٹھا لیا۔