راہول کی قیادت میں کانگریس کی واپسی یقینی

نئی دہلی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے راہول گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے اندر انتشار اور مخالف سرگرمیاں چلنے کی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے نائب صدر کے دور میں ہی پارٹی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا۔ پارٹی قائدین نے راہول گاندھی کو مستقبل کا لیڈر تصور کیا ہے اور ان کی قیادت میں ہی کام کریں گے ۔ پارٹی ترجمان شوبھا اوجھا نے یہ بیان اس وقت دیا جب بعض سینئر پارٹی قائدین کے درمیان آپسی جھگڑے پائے جانے کی اطلاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی نئی نسل کی قیادت نے اے آئی سی سی کے امور کو سنبھال لیا ہے اور لوک سبھا انتخابات میں ناکامی کے بعد پارٹی کے اندر تنظیم جدید کا عمل جاری ہے۔ پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے ہر طرح سے کوشش کی جارہی ہے۔ اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اوجھا نے کہا کہ راہول جی ہمارے لیڈر ہیں ، ان کی قیادت میں ہی پارٹی مضبوط و طاقتور ہوگی اور ہم دوبارہ ا قتدار حاصل کریں گے۔ راہول کی قیادت پر کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔ بعض نئے جنرل سکریٹریز نے علحدہ طور پر اجلاس منعقد کر کے پارٹی کے بعض سینئر قائدین کے ریمارکس پر غور کیا اور محسوس کیا کہ راہول گاندھی کی قیادت پر انگلی اٹھانے والے پارٹی کے سینئر قائدین اپنا کوئی مستقبل نہیں رکھتے۔

امیت شاہ مہاراشٹرا بی جے پی قائدین سے خطاب کریں گے
ممبئی ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے اب صرف دو مہینے باقی رہ گئے ہیں۔ بی جے پی صدر امیت شاہ کل یہاں پہنچ رہے ہیں، وہ پارٹی کے ریاستی کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کریںگے۔ شیوسینا کے ساتھ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر تعطل کے درمیان وہ پہلی مرتبہ مہاراشٹرا کا دورہ کر رہے ہیں۔