ممبئی ۔11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )کیرن پولارڈ کی برق رفتار اننگز کی بدولت ممبئی انڈینس نے کنگس الیون پنجاب کو شکست دی۔ کامیاب ٹیم نے کنگس الیون پنجاب کے 198 رنوں کے ہدف کو آسان بنا دیا۔ حالانکہ یہ میچ انتہائی دلچسپ تھا اورممبئی کو آخری گیند پرکامیابی ملی۔ آخری گیند پردو رن بنانے تھے اورممبئی انڈینس کے بیٹسمینوں نے حاصل کرلیا۔ پولارڈ نے 31 گیندوں پر10 چھکوں کی مدد سے طوفانی اننگز کھیلی۔ انہوں نے 83 رن بناکر ممبئی انڈینس کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا۔ اس کے علاوہ ڈی کاک نے 24 اورسوریا کمار نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ ممبئی انڈینس نے ٹاس جیتنے کے بعد فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ کنگس الیون پنجاب کی طرف سے محمد سمیع نے تین وکٹ لئے جبکہ کپتان روی چندرن اشون، راجپوت اورسیم کرن کو فی کس ایک وکٹ ملی۔ اس سے قبل کنگس الیون پنجاب نے کے ایل راہول کی شاندارناٹ آوٹ سنچری اورکرس گیل نے 36 گیندوں پر63 رنوں کی اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لئے 116 رنوں کی شراکت کی۔ اس کی بدولت کنگس الیون پنجاب نے 197 رنوں کا بڑا اسکورکھڑا کردیا۔ ممبئی انڈینس کی طرف سے ہاردک پانڈیا نے دو وکٹ لئے جبکہ جسپریت بمراہ اوربہرن ڈراف نے فی کس ایک وکٹ حاصل کئے۔ راہول رواں سیزن سنچری بنانے والے چوتھے بیٹسمین بنے جیسا کہ ان سے قبل راجستھان رائلز کے سنجو سامسن ،سن رائزرس حیدرآباد کے اوپنرس کی جوڑی جانی بیراسٹو اور ڈیوڈ وارنر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔