نئی دہلی ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے سربراہ راہول گاندھی کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہے ۔ اس لیے اس نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری کوئی کارروائی کریں ۔ وزیر داخلہ کو کو روانہ کردہ ایک مکتوب میں کانگریس کے تین قائدین نے کہا کہ راہول گاندھی جب اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے لیے چہارشنبہ کو امیتھی آئے تھے تو ان پر ’ لیزر ‘ سے نشانہ لگایا گیا تھا ۔ یہ مکتوب احمد پٹیل ، جئے رام رمیش اور رندیپ سنگھ سورجے والا کی دستخط سے جاری کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ راہول گاندھی کے ذرائع ابلاغ کے ساتھ ان کے تال میل کا جائزہ لیا جائے گا تو پتہ چلے گا کہ ایک لیزر ہتھیار سے ان کے سر کا نشانہ لیا گیا تھا ۔ ایک مندر کے دورے کے موقع پر سر کی سیدھی جانب کا دوبار نشانہ لیا گیا ۔ مرکزی وزارت داخلہ سے جب اس سلسلے میں رابطہ قائم کیا گیا تو وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔۔