راہول کی رخصت کانگریس لیڈر کی عنقریب ترقی کا پیش خیمہ ممکن

نئی دہلی ۔25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کی یکایک پارٹی سرگرمیوں سے دوری تاکہ پارٹی کے مستقبل کیلئے لائحہ عمل پر غوروخوض کیا جاسکے، انہیں صدر کانگریس کی حیثیت سے ترقی دیئے جانے کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔ ایسے آثار ہیں کہ راہول جو مجوزہ طور پر نائب صدر کانگریس ہیں، انہیں رواں سال کے اواخر پارٹی سربراہ بنایا جاسکتا ہے جبکہ صدر پارٹی سونیا گاندھی کی میعاد ستمبر میں اختتام پذیر ہورہی ہے۔ اگرچہ یہ واضح نہیں کہ آیا یہ ترقی اے آئی سی سی سیشن میں ہی ہوسکتی ہے جو اپریل کے پہلے ہفتہ میں منعقد شدنی ہے لیکن اعلیٰ پارٹی ذرائع نائب صدر کانگریس کے پارٹی سربراہ بننے کا امکان مسترد نہیں کررہے ہیں۔