راہول کو وزیراعظم بننے کی خواہش کا حق : شیوسینا

ممبئی ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی راہول گاندھی کے آج برسرعام اس اعلان پر تنقید کے بعد کہ وہ وزارت عظمیٰ کے عزائم رکھتے ہیں۔ بی جے پی کی ناراض حلیف شیوسینا نے کہا کہ صدر کانگریس کا یہ جمہوری حق ہے کہ وہ وزارت عظمیٰ کے عہدہ کیلئے انتخابی مقابلہ کریں۔ کسی کو بھی ان کے ان عزائم کا مذاق اڑانے کا حق نہیں پہنچتا۔ سینا کے راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے کہا کہ ان کی پارٹی صدر این سی پی شردپوار کو ایک قابل امیدوار وزارت عظمیٰ کے عہدہ کیلئے تصور کرتی ہے۔ کوئی بھی اس کا مذاق نہیں اڑا سکتا۔ مودی وزیراعظم بن گئے۔ اس لئے کہ یہ ان کا حق تھا۔ یہ حقیقت ہیکہ اس وقت ’’2014ء میں‘‘ کئی افراد کا موقف یہ تھا کہ اڈوانی کو وزیراعظم بنایا جانا چاہئے۔ شیوسینا نے کہا کہ راہول گاندھی کو شکست دو اور انہیں (وزیراعظم بننے سے) روک دو۔ انہوں نے کہاکہ ان کے موقف پر بے چین ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ راوت نے جو شیوسینا کے ترجمان سامنا کے کارگذار ایڈیٹر بھی ہیں، کہا کہ کانگریس ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے۔ اپنی انفرادیت کی وجہ سے اور 2014ء میں ملک کے ماحول کی بناء پر کانگریس کو ناکامی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ یو پی اے کی حلیف پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہیکہ راہول گاندھی کو مقابلہ میں اتاریں۔ ہم شردپوار کو ایک قابل امیدوار سمجھتے ہیں۔ مودی، جیٹلی اور اڈوانی میں سے ہر ایک یہ صلاحیت رکھتا ہے۔ عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ان کی قابلیت ظاہر ہوسکتی ہے ۔

راہول گاندھی ہمارے وزارت عظمی کے امیدوار : احمد پٹیل
گاندھی نگر ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد احمد پٹیل نے آج کہا کہ راہول گاندھی پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار آئندہ قومی انتخابات میں ہوں گے۔ اس سوال پر کہ وہ صدرکانگریس کے کل کے تبصرہ پر کیا ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر لوک سبھا انتخابات میں ابھرتی ہے تو صدرکانگریس پہلے ہی سے وزیراعظم بننے کا اعلان کرچکے ہیں۔