راہول کو عام آدمی کے ساتھ بیٹھنا ہوگا : انا ہزارے

نئی دہلی۔22فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجی کارکن انا ہزارے نے اراضی آرڈیننس کے خلاف احتجاج شروع کرنے سے ایک دن قبل کہا کہ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اس تحریک میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن انہیں عام آدمی کے ساتھ بیٹھنا ہوگا ۔ 77سالہ گاندھیائی قائد نے کہا کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال بھی اس احتجاج میں شریک ہوسکتے ہیں لیکن ان کے دستوری عہدہ کا احترام کرتے ہوئے شہ نشین پر جگہ دی جائے یا نہیں اس بارے میں کل منعقد شدنی اجلاس میں فیصلہ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی آرڈیننس کسانوں کے خلاف ہے اور عوام کو متحدہ طور پر اس کی مخالفت کرنی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اپوزیشن پارٹی یا اروند کجریوال اور دیگر کارکن متحدہ طور پر اس احتجاج کو آگے بڑھاسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر دہلی نے اس احتجاج میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔