چار پشتوں میں کوئی مندر نہیں گیا ۔ چیف منسٹر یوپی آدتیہ ناتھ
قنوج 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ راہول گاندھی کو مندر صرف انتخابات میں یاد آتے ہیں۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر صرف انتخابات کے دوران مندروں کو یاد کرتے ہیںاور اپنے ہاتھ پر لال دھاگا دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کی چار پشتوں نے کبھی کسی مندر کی سمت ایک قدم نہیں بڑھایا ہے ۔ کسی کو مندر جذبہ کے ساتھ جانا چاہئے سیاست یا دکھاوے کیلئے نہیں۔ چیف منسٹر یو پی نے راہول گاندھی اور کانریس کے دوسرے قائدین پر بھی ہندوستانی فوج کی کارروائیوں پر سوال کرتے ہوئے اس کے حوصلے پست کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب فوج دہشت گردوں کو مار گراتی ہے تو راہول گاندھی اور دوسرے کانگریس قائدین فوج کے خلاف سوال اٹھاتے ہیں۔ مرکز کی بی جے پی حکومت دہشت گردی کی لعنت کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنا چاہتی ہے اور علیحدگی پسندوں کے مسئلہ کو حل کرنا چاہتی ہے جس کی وجہ سے کانگریس فکرمند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کو کانگریس سے پاک کردیا جائے جو لشکرطیبہ کی زبان بولتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول کو سیاست وراثت میں ملی ہے ۔