راہول ڈراویڈ نوجوان کرکٹرس کو بیٹنگ کے گُر سکھائیں گے

بنگلور۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دو سال قبل کرکٹ کو الوداع کہنے والے ہندوستان کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ جلد ہی کوچنگ کے ذریعہ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرسکتے ہیں۔ ڈراویڈ نے اشارہ دیا ہے کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ کے گُر سکھانا چاہتے ہیں۔ کرکٹ کی دنیا کے لیجنڈ مانے جانے والے راہول ڈراویڈ نے بھلے ہی دو سال پہلے کرکٹ سے سبکدوش اختیار کرلی ہو لیکن کرکٹ کیلئے ان کا لگاؤ ابھی بھی ویسا ہی ہے، جیسا پہلے میچ کے دوران ہوا کرتا تھا اور ان کی یہی چاہت ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں واپس لانے کیلئے حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سب سے قابل اعتماد کھلاڑی رہ چکے راہول ڈراویڈ نے نوجوان کھلاڑیوں کو کوچنگ دینے کا ذہن بنالیا ہے۔ بقول راہول ڈراویڈ کے وہ راجستھان رائلس کی مینٹرشپ انجوائے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں، خواہ وہ ہندوستانی ٹیم کا کوچ بن کر کروں یا کسی رانجی ٹیم کا کوچ بن کر۔ ڈراویڈ نوجوان کھلاڑیوں کو کوچنگ دینے کیلئے اس لئے بھی تیار ہیں، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ آج کے نوجوان کھلاڑی گیاجیٹس میں زیادہ دھیان دے رہے ہیں اور سینئر کھلاڑیوں اور کوچ کی باتیں سننے کا ان کے پاس وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان کھلاڑی کے طور پر ہمیں صرف تکنیکی باتیں ہی سکھائی جاتی تھیں، ہمارے سینئر کھلاڑی اور کوچ اپنے عظیم کھلاڑیوں کے بارے میں بتاتے تھے جن کے ساتھ وہ کھیلے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں کرکٹ کے حوالے سے مزید معلومات اور علم حاصل ہوتا تھا، لیکن آج کے نوجوان کھلاڑی اس وراثت کو آگے لے جانا نہیں چاہتے ، کیونکہ آج کے نوجوان کھلاڑی صرف گیاجیٹس میں اپنا دھیان لگا تے ہیں ، نہ ان کے پاس وقت ہے ، اور نہ ہی انہیں خواہش ہے کہ یہ ساری باتیں سنیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں 23 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے راہول ڈراویڈ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار نظر آرہے ہیں اور اگر بی سی سی آئی ، ڈراویڈ کو یہ ذمہ داری سونپتی ہے تو کھلاڑیوں میں ڈسپلین پیدا ہونا یقینی ہوجائے گا۔