حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سن رائزس حیدرآباد کے خلاف 213 رنز کے ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں پنجاب کے اوپنر کریس گیل اور کے ایل راہول نے برق رفتار آغاز نہیں کیا۔ تاہم انہوں نے اپنی سست بیٹنگ کا دفاع کیا ہے۔ ہمالیائی اسکور کے تعاقب میں راہول نے 56 گیندوں میں 79 رنز بنائے جس میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے لیکن اس کے باوجود پنجاب کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی اسکور کر پائی۔ راہول نے اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم کا منصوبہ تھاکہ کریس گیل احتیاط سے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی وکٹ 15 ویں یا 16 ویں اوور تک محفوظ رکھیں گے اور دوسرے سرے سے دیگر بیٹسمین رنز بنائیں گے لیکن گیل کے آوٹ ہونے کے بعد میں نے طویل اننگز کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ راہول نے اپنی اننگز کے دوران بھلے ہی 141.07 کی اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے لیکن ابتدائی 36 گیندوں میں صرف 39 رنز اسکور کئے تھے۔ 27 سالہ اوپنر نے اس سست رفتار بیٹنگ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس منصوبہ پر کاربند تھے کہ اگر وکٹیں محفوظ ہوں تو آخری کے چند اوورس میں رنز بنائے جاسکتے ہیں ۔