لندن۔ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) باصلاحیت اور جارحانہ اوپنر کے ایل راہول نے انگلینڈ کے دورہ کے اختتام سے قبل جس کھیل کے لئے وہ مشہور ہے، اس کا مظاہرہ کردیا جیسا کہ کل ہندوستانی ٹیم نے 464 رنز کے نشانہ کے تعاقب میں دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 2 رنز پر اس کے سرفہرست 3 بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے جس میں کپتان ویراٹ کوہلی کا پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہونا بھی شامل تھا، ان حالات میں راہول نے جس انداز کو اختیار کیا اور تیزی سے رنز بنانے کا آغاز کیا جس کی بدولت انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں پہلی اور اپنے کریر کی پانچویں سنچری اسکور کی ہے۔ راہول جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور ہیں ، لیکن انگلینڈ کے مکمل دورہ کے دوران وہ اپنا فطری کھیل پیش کرنے میں ناکام تھے مگر ’’مرتا کیا نہ کرتا ‘‘ کے مصداق آخری اننگز میں ’’کرو یا مرو‘‘ جیسی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کا انہیں فائدہ بھی ہوا۔ راہول نے نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ اجنکیا رہانے کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپ پنتھ کے ہمراہ 2 سنچریوں کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ تادم ِ تحریرہندوستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز اسکور کئے ، وہ کامیابی سے ہنوز 235 رنز دُور تھی ۔ راہول نے 159 گیندوں میں 18 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 131 رنز اسکور کئے جبکہ پنتھ نے 71 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کے ہمراہ 47 رنز اسکور کئے ہیں۔ پہلی اننگز میں متاثرکن مظاہرہ کرنے والے وہاری دوسری اننگز میں کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ رہانے 106 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے ۔