نئی دہلی، 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر اعلی ایچ ڈی کمارا سوامی نے پیر کو یہاں کانگریس صدر راہول گاندھی سے ملاقات کی اور ریاست میں جنتا دل ( سکیولر) – کانگریس کی مخلوط حکومت کے کام کاج سے متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی میٹنگ میں حصہ لینے آنے والے مسٹر کمارسوامي ریاست سے متعلق مختلف مسائل پر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء کے ساتھ بحث کے لئے ابھی دارالحکومت میں ہی قیام پذیر ہیں۔ آج صبح انہوں نے مسٹر راہول گاندھی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور مخلوط حکومت کے استحکام پر بات چیت کی۔ انہوں نے مسٹر گاندھی سے کہا کہ انہیں دونوں جماعتوں کے درمیان کچھ اختلافی مسائل کے بارے میں اپنی پارٹی کے لیڈروں سے بات کرنی چاہئے ۔بعد میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں مسٹر کمارسوامي نے کہا کہ مسٹر راہول گاندھی نے مخلوط حکومت کے بہتر کام کاج کے لئے کچھ مشورے دیئے ہیں۔وزیر اعلی نے کچھ محکموں کی تقسیم کا مسئلہ بھی اٹھایا اور مسٹر راہول گاندھی سے اس کا حل نکالنے کو کہا۔ تاہم، انہوں نے اس بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہوں نے کابینہ کی توسیع کے بارے میں بات کی؟ ، انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے ۔بعد میں مسٹر کمارسوامي نے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے بھی خیرخواہی ملاقات کی۔ان کا مسٹر مودی سے بھی ملنے کا پروگرام ہے ۔ وہ وزیر اعظم کے ساتھ کاویری ندی کے مسئلے اور خاص طور پر کاویری منیجمنٹ بورڈ کے کام کاج پر اپنی بات رکھیں گے ۔